بدمعاشی کلچر برداشت نہیں،جرائم کانیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپوراقدامات کیے جائیں، مریم نواز


لاہور:( نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان پرخصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا، جرائم کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا، کسی کو معافی نہیں دیں گے۔منشیات کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی یقینی بنائی جائے۔ جرائم کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی اور نیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپوراقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ہرجگہ پٹرولنگ نظر آنی چاہیے تاکہ جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف پیدا ہو۔ ہجوم سے نمٹنے کیلئے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی مستقل کیپسٹی بلڈنگ جاری رکھی جائے۔انہوں نے عورتوں اور بچوں کیخلاف جرائم سمیت امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے چار ہفتوں کی مہلت دے دی اور امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسرکوہٹانے کی وارننگ دی۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کو تمام اضلاع بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی اور پولیس میں انسداد رشوت ستانی مہم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے پولیس کو صوبہ بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی کا حکم دیا اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا اور ڈیوٹی کے دوران جاں بحق پولیس اہلکاروں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا۔

مریم نواز نے جاں بحق پولیس افسروں کے اہل خانہ کیلئے تاحیات تنخواہ اور پیکج دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد کمی ہوئی۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں مجموعی طور پرجرائم میں 16 فیصد، کوٹ ادو ضلع میں 27 فیصد، راجن پور میں 7 فیصد، لیہ میں 25، ڈیرہ غازی خان ضلع میں 9 فیصد اور مظفر گڑھ میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بہاولپور ریجن میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 52 فیصد جبکہ ضلع رحیم یار خان میں 50 فیصد جبکہ دیگر اضلاع میں جرائم میںنمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔