نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں،حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو امید اور یقین دلایا جائے تو یہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ خدا کا خوف اور انسانیت کو جواب دہی کے عناصر شامل نہ ہوں تو ٹیکنالوجی استحصال کا سبب بنتی ہے ، سرمایہ داری کے روایتی استحصالی نظام کی جگہ ٹیکنو فیوڈل ازم (Technofeudalism) کا نظام مسلط ہورہا ہے ، پاکستان کے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت اور ملک و ملت کی ترقی کے جذبے کے تحت مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی۔

الخدمت فاونڈیشن پاکستان اور علی بابا کلاوڈ کے اشتراک سے ملک کے سب سے بڑے اے آئی ہیکاتھون کی گرینڈ فائنل تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات چار سے پانچ ارب ڈالر کے قریب ہیں اور اگر نوجوانوں کو مواقع میسر ہوں تو یہ برآمدات بڑی آسانی سے تھوڑے عرصہ میں چالیس ارب ڈالر تک جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاونڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سی ای او بنو قابل نویدعلی بیگ، کنٹری ڈائریکٹر علی بابا کلاوڈ ہینک شاو، ہیڈ آف مارکیٹنگ علی بابا کلاوڈز ییلان ڑانگ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔