10روز تک پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو اسلام آباد مارچ ہوگا، حافظ نعیم الرحمن


کراچی:(بیورورپورٹ)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں حکومت پٹرولیم لیوی پر ریلیف کے دائرہ کار کو بڑھانے پر راضی ہوئی تاہم جماعت اسلامی مکمل خاتمہ چاہتی ہے ، اپنے موقف کے حق میں نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا وزیراعظم سے لیوی کے خاتمے کا دوٹوک مطالبہ کیا،لیوی آمدن کا بڑا ذریعہ ، حکومت کے عذر کو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا،وفاق ہرماہ غریب عوام سے 150ارب لیوی کی مد میں بھتہ وصول کرتا ، حکومت ہی کے بقول موجودہ ریلیف 32 ارب ہے،واضح ہوگیا ہرماہ غریب عوام کی جیب پر کم از کم 110 ارب کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، موجودہ نظام کی ناکامی مکمل طور پر آشکار ،ادارے تباہ،افسر شاہی عوام کو لوٹ رہی ، مافیاز کو نوازا جارہا ہے، ایف بی آر میں سالانہ 1300ارب کی کرپشن ،ادارہ ٹیکس جمع کرنے کی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے، وزیراعظم کو بتایا حکومت کا اپنا ادارہ اگر ٹیکس جمع نہیں کرسکتا تو عوام کو لوٹنے کا کیا جواز ہے؟۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاوزیراعظم نے لیوی پر فیصلے کےلئے 10روز مانگے ، عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں لانگ مارچ کرے گی ، پورے ملک سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے،آئی پی پیز کےخلاف تحریک کے نتیجے میں عوام کو بجلی پر ریلیف ملا تاہم اب بھی بجلی مہنگی ہے، حکومت پروٹیکٹد (Protected ) کیٹیگری (Category ) کی شکل پر غریب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، عوام کو حق دلا کر رہیں گے۔