کملا کو شکست،ٹرمپ کی وائٹ ہاﺅس میں واپسی،دوبارہ امریکی صدر منتخب،جنگیں ختم کرنے کااعلان

واشنگٹن،نیویارک،فلوریڈا:(خواجہ فاروق)کملا ہیرس کو شکست،ٹرمپ کی وائٹ ہاﺅس میں واپسی،دوسری بار کامیاب ہو کر امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے، ری پبلکن کو سینٹ میں بھی اکثریت ،نومنتخب صدر نے فاتحانہ خطاب میں دنیا بھر میں جنگیں ختم کرنے کااعلان کردیا۔

صدارتی انتخاب کی دوڑ میںڈونلڈ ٹرمپ نے 538 میں سے270کامیجک نمبر حاصل کرکے میدان مار لیا ،حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق نومنتخب صدر 292 اور کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ،ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس سے ریاستیں جارجیا اور پنسلوانیا چھین کراپنی کامیابی کو ممکن بنایا،50میں سے27ریاستوں پر ٹرمپ ،کملا ہیرس 19 میں کامیاب ٹھہریں،ٹرمپ نے امریکہ کی فیصلہ کن کہلائی جانے والی 7 سوئنگ ریاستوں میں سے 4 میں کامیابی سمیٹی۔

ٹرمپ 2خواتین حریف امیدواروں کو شکست دینے والے پہلے صدربھی بن گئے،ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 196 اور ڈیموکریٹس 176 نشستوں پرفاتح رہے ،سینٹ میں بھی ری پبلکن نے 4برس بعد51 نشستوں کےساتھ اکثریت حاصل کر لی ،ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیتیں،ادھر فتح کااعلان ہوتے ہی ٹرمپ کے کیمپ میں جشن کا سماں رہا ، نومنتخب صدرکے حامیوں نے وائٹ ہاو¿س کے باہرجمع ہوکر خوب ہلہ گلہ کیا ،نعرے لگائے۔

دریں اثنا اپنے فاتحانہ خطاب میںصدر منتخب ہونےوالے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتاریخ رقم کردی ،کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگ کو روکوں گا، چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقدامات کریں گے، چاہتے ہیں لوگ قانونی طریقے سے امریکہ آئیں، سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گاتب تک خاموش نہیں بیٹھوں گا جب تک لوگوں کے خواب پورے نہ کروں، مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے امریکیوں نے ساتھ دیا،دوبارہ اعتماد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ٹرمپ نے کہاملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی، امریکہ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، زخموں پر مرہم رکھیں گے،امریکہ کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،حامیوں نے بہترین انتخابی مہم چلائی، سینٹ کا کنٹرول واپس حاصل کیا، امریکہ کی سیاسی کامیابی ہے، میری فتح جمہوریت کی بھی جیت ہے،سنہری دور کا آغاز ہونےوالا ہے، ایک بار پھر امریکہ کو عظیم، محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کا وقت آگیا۔

نومنتخب امریکی صدرنے دنیا میں جاری تنازعات ختم اور کوئی نئی جنگ شروع نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا عوام نے مجھے طاقتور مینڈیٹ دیا، ملک کے تمام معاملات ٹھیک کروں گا،ٹیکس کم ،عوام کے حقوق کےلئے لڑوں گا،پہلے کبھی ایسی تاریخی سیاسی جیت نہیں دیکھی ،باقی تمام سوئنگ سٹیٹس جیت کر315 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیں گے۔

ٹرمپ نے کہامضبوط و طاقتور فوج چاہتے ہیں اور آئیڈل صورتحال ہے استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے، مل کر مقصد کو پورا کرنے جا رہے ہیں، سامنے موجود ہدف آسان نہیں لیکن اپنی پوری طاقت استعمال کروں گا اور دنیا کے سب سے اہم کام کو کرنے کےلئے لڑوں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے وکٹری سپیچ میں اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے،ٹرمپ نے اہلیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ہر کڑے وقت میں ساتھ کھڑے رہنے پر میلانیا ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور گال پر بوسہ دیا، ٹرمپ نے کہا اپنی خوبصورت اہلیہ اور فرسٹ لیڈی میلانیا کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں،بچے سب کے اچھے ہوتے ہیں اور میرے بھی بہت اچھے ہیں،شاندار بچے ہیں۔