لاہور:(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سرخرو،شرائط تسلیم،بائیکاٹ ختم،وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی اجازت دےدی،پاکستان ٹی 20ورلڈ کپ میں15فروری کو بھارت سے شیڈول میچ کھیلے گا،فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بریفنگ کے بعد کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو محسن نقوی نے باضابطہ طور پر پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کےساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکراتی نتائج سے آگاہ کیا ،حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں ، سری لنکا، متحدہ عرب امارات و دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا جائزہ لیا،مراسلات میں پاکستان سے حالیہ درپیش چیلنجز کے حل کےلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا فیصلہ کرکٹ کے جذبے ،عالمی کھیل کے تسلسل کےلئے کیا ،بنگلہ دیش کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی سری لنکن صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، خوشگوار ،دوستانہ بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے اس امر کو یاد کیا دونوں ممالک ہمیشہ خصوصاً مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں، سری لنکن صدر کی جانب سے وزیر اعظم سے موجودہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کےلئے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی گئی،وزیراعظم اور قوم کی جانب سے شاہینوں کےلئے نیک تمنائیںہیں۔
قبل ازیں سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کی جانب سے ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم سے بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہاگیا پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں شیڈول پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے،دہشتگردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ کیا، پاکستان نے سری لنکا کےساتھ دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی،دہشتگردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کیلئے دورے جاری رکھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاپاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا،کرکٹ جاری رکھی،حال ہی میں سری لنکن ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ نہ کرکے ناقابل فراموش قدم اٹھایا۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیش،یواے اے کی جانب سے بھی بھارت کےخلاف میچ کا بائیکاٹ ختم کرنے کی اپیل کی گئی،بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کہا بنگلہ دیش کی حمایت میں پاکستان کی انتہائی بلندکوششوں سے بہت متاثر ،بھائی چارہ مزید مضبوط ہوگا،حالیہ چیلنجز پرقابو پانے کی کوششوں میں مثبت کردارادا کرنے پرپی سی بی،آئی سی سی اور تمام متعلقہ فریقین کا شکریہ کرتے ہیں،پورے عرصے کے دوران پی سی بی نے مثالی سپورٹس مین شپ و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان سرخرو،شرائط تسلیم،بائیکاٹ ختم،قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی اجازت


















