کراچی (مشرق نیوز) شہر قائد کے سولجر بازار کی رہائشی عمارت میں گیس دھماکے سے 2 بچوں سمیت 16افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 15 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 14 سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 واجد نے بتایا کہ گیس دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سے ہوا۔ ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کیلئے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کراچی ،رہائشی عمارت میں گیس دھماکہ، 16 افراد جاں بحق، 14 زخمی


















