کراچی (بیورو رپورٹ) خطے میں نئی جنگ سے بھونچال، پی ایس ایکس میں شدید مندی سے ٹریڈنگ عارضی طور پر بند کر دی گئی،کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست مندی دیکھنے میں آئی، 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کےساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 52 ہزار 991 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا،کاروبار میں بڑی گراوٹ کے بعد سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ عارضی طور پر بند کرنا پڑی،تاہم ایک گھنٹہ بند رہنے کے بعد کاروبار کا دوبارہ آغاز ہوا، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 16 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی کےساتھ ایک لاکھ 51 ہزار 795 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ، عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان ہے، متحدہ عرب امارات نے سٹاک مارکیٹس 2 روز کےلئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دبئی فنانشل مارکیٹ اور ابوظہبی سکیورٹیز ایکسچینج پیر اور منگل کو بند رہیں گی، کویت سٹاک مارکیٹ کو بھی اگلے نوٹس تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،دوسری جانب ایشیا کی دیگر مارکیٹوں میں بھی گراوٹ ریکارڈ کی گئی، ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں تقریباً 2 فیصد کمی ہوئی، تائیوان میں 2.3 فیصد، جاپان میں 1.5 فیصد جبکہ شنگھائی سٹاک مارکیٹ 0.27 فیصد کمی کے ساتھ کھلی، امریکہ اور یورپ کی مارکیٹوں میں بھی منفی رجحان رہا،امریکی ڈاو جونز انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس اور نیسڈیک میں 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی، جرمنی، فرانس، سپین، آسٹریا، اٹلی اور ترکیہ کی مارکیٹوں میں بھی مندی دیکھی گئی، جاپان، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، بھارت اور تھائی لینڈ میں بھی دباو برقرار رہا،مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے سبب ایران اور خلیجی ممالک کے بارڈر بند ہونے سے ایل پی جی بحران کا خدشہ بڑھ گیا،ذرائع کے مطابق جنگ طویل ہونے سے ایل پی جی کا شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے، ملک بھر میں ایل پی جی کی یومیہ کھپت 7 ہزار میٹرک ٹن تک جاتی ہے، صرف لاہور ریجن میں یومیہ 14 سو سے 15 سو میٹرک ٹن ایل پی جی استعمال ہوتی ہے،ایل پی جی کی لوکل پروڈکشن یومیہ 2 ہزار سے 22 سو میٹرک ٹن ہے، سرکاری طور پر ایل پی جی کا 3 سے 4 روز کا سٹاک موجود ہوتا ہے، نجی طور پر زیادہ دن تک سٹاک کرنے کی کپیسٹی موجود ہے،چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا جنگی صورتحال میں انرجی کرائسسز بڑھ جائے گا، ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کر کے بلیک مارکیٹنگ شروع کر دے گا،ادھر پاکستان میں فی تولہ سونا 13 ہزار 300 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 63 ہزار 862 روپے کا ہوگیا، 10 گرام سونے کے بھاو¿ 11 ہزار 402 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 83 ہزار 420 روپے ہوگئے،چاندی کی فی تولہ قیمت 188 روپے بڑھ کر 10 ہزار 50 روپے ہوگئی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 133 ڈالر مہنگا ہو کر 5411 ڈالر کا ہوگیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سٹاک مارکیٹس کریش،تیل مہنگا ہونے، ایل پی جی بحران کا خطرہ


















