اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے عید کے بعد عمران خان کی رہائی کےلئے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور صدر خیبرپختونخوا جنید اکبرنے کہا عید کے بعد بانی پی ٹی آئی رہائی امن موومنٹ کا آغاز کیا جائے گا، مقصد آئین وقانون کی بالادستی وحقیقی آزادی کا حصول ہے،ملک میں بڑھتی مہنگائی، معاشی بدحالی اور نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کےلئے تحریک ناگزیر ہو چکی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا تحریک کا بنیادی مقصد آئین ،قانون کی بحالی ،بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، ملک میں عدالتی نظام کمزور ہوچکا ، ہزاروں افراد جھوٹے مقدمات میں قید اور عوام کو خوف و دباوکا سامنا ہے،عید کے بعد تحریک کے رہنماوں کے ناموں کا اعلان وفاقی و ضلعی سطح پر کیا جائےگا ،تحریک کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کریں گے۔
جنید اکبرنے کہا پرامن تحریک ہوگی ، مقصد تصادم نہیں بلکہ اتحاد و جمہوری جدوجہد ہے،ریاستی ادارے دباو ڈال رہے ہیں تاہم پی ٹی آئی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ڈاکٹر امجد نے کہا ایک ماہ کے اندر ایک لاکھ افراد کو رجسٹر کیا جائےگا، منظم احتجاجی تحریک شروع کرینگے، ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے چاروں صوبوں سے بھرپور و منظم انداز میں شرکت یقینی بنائی جائےگی۔
عید کے بعد عمران خان کی رہائی کےلئے تحریک شروع کرینگے،پی ٹی آئی


















