پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا :صدر لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غیر معمولی اضافے سے پاکستان کی معیشت، صنعتی پیداوار اور عوام کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔اپنے بیان میں فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا، جس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات، پیداواری لاگت اور ضروری اشیاءکی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پہلے ہی مہنگی توانائی، زیادہ شرح سود اور قوتِ خرید جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صورتحال کو مزید مشکل بنا دیگا۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتکار شدید مشکلات کا شکار ہوں گے کیونکہ ایندھن کی قیمتیں براہِ راست سپلائی چین، لاجسٹکس اور پیداواری عمل کو متاثر کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بھی کم ہو سکتی ہے، جبکہ اس وقت ملک کو برآمدات بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔صدر لاہور چیمبر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور صنعت و عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پیٹرولیم پر عائد ٹیکسز اور لیویز کو مناسب سطح پر لایا جائے تاکہ کاروبار اور صارفین پر بوجھ کم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے توانائی کی قیمتوں میں استحکام اور واضح پالیسی نہایت ضروری ہے، کیونکہ بار بار اور اچانک اضافے سرمایہ کاروں میں بے یقینی پیدا کرتے ہیں اور صنعتی ترقی کی رفتار کو سست کرتے ہیں۔فہیم الرحمن سہگل نے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان فوری پالیسی ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کا تحفظ اور مالی مشکلات کا حل نکالا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ معاشی دباو کم کیا جا سکے اور صنعتی ترقی کا عمل جاری رکھا جا سکے۔