کراچی (مشرق نیوز) سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے پی سی بی کے تعاون سے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کا بیڑا اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان صوبے میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سندھ حکومت کی بھرپور معاونت اور مدد کریں گے اور دیگر معروف سابق کرکٹرز بھی یونس خان کے ہم رکاب ہوں گے۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر سے ملاقات میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اکیڈمیز قائم کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے مناسب کوچنگ کی تجاویز پیش کر دیں۔
سردار محمد بخش مہر نے دوران ملاقات سندھ میں کرکٹ کو تقویت دینے کیلئے یونس خان کے جذبے کو سراہتے ہوئے تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرا دی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون سے سندھ کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اس ضمن میں سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد، راشد لطیف اور معین خان سمیت دیگر معروف کرکٹرز سے بھی مشاورت اور معاونت حاصل کی جائیگی۔
یونس خان نے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کا بیڑا اٹھا لیا


















