کراچی:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن،غیر ملکی جہاز سے 18 افراد کو بچا لیا۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاک بحریہ نے تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے موصول ہونےوالے ہنگامی سگنل کے بعد 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کیا،پاکستانی ساحل سے تقریباً 200 ناٹیکل میل (تقریباً 370 کلومیٹر) جنوب میں موجود تجارتی بحری جہاز سے ریسکیو کئے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔
ہنگامی اطلاع موصول ہونے پر پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کیا، فوری طور پر مناسب حکمت عملی اپناتے ہوئے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین جو سمندری حدود کی نگرانی پر مامور تھا کو امدادی کارروائی کےلئے بھیجا گیا۔
پی این ایس حنین نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت و آپریشنل صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا، پاک بحریہ کی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے تجارتی بحری جہاز پر لگی آگ بجھانے میں معاونت ،متاثرہ افراد کوطبی امداد فراہم کرنے کے علاوہ عملے کو بحفاظت ریسکیو کیا اور تجارتی بحری جہاز کے نقصانات کا جائزہ لیا۔
ریسکیو کیے گئے افراد کو مزید طبی امداد اور بعد ازاں اپنے ممالک واپسی کےلئے کراچی منتقل کر دیا گیا ،پاکستان کی وسیع سمندری حدود میں پاک بحریہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانےوالی کارروائی عزم کی عکاس ہے پاک بحریہ ذمہ داری کے دائرہ کار میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ بروقت، موثر اور سب سے پہلے مدد کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن،18غیر ملکیوں کو بچا لیا


















