تعمیری مذاکرات چاہتے ،ایران نے چالاکی دکھائی تومثبت ردعمل نہیں دینگے،امریکہ

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)امریکہ نے کہا ہے امن بات چیت سے بہت پرامید،تعمیری مذاکرات چاہتے ہیں ،ایران نے چالاکی دکھائی تومثبت ردعمل نہیں دیںگے،ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو جنگ سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈنے کی ہدایت کردی۔

ٹی وی انٹر ویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اسلام آباد مذاکرات سے بہت پرامید ،دونوں جانب سے سنجیدگی ممکنہ امن معاہدے کی راہ ہموار کر سکتی ہے،توقع رکھتے ہیں سفارتی کوششیں جلد نتائج دیں گی،ایرانی قیادت مذاکرات میں معقول رویہ اختیار کیے ہوئے ہے تاہم اگر معاہدہ نہ ہوا تو صورتحال بہت تکلیف دہ ہو سکتی ہے۔

امریکی صدر نے کہا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو میں لبنان پر حملوں میں کمی پر رضامندی ظاہر کردی، مذاکرات کی کامیابی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کےلئے بھی اہم پیشرفت ہوگی۔

دریں اثنا اپنے مختصر بیان میں ٹرمپ نے کہا دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ ہوگیا،پلانٹیر ٹیکنالوجیز نے جنگی کارروائیوں میں اپنی مضبوط صلاحیتوں کو ثابت کردیا،بات دشمنوں سے پوچھ لیں۔

ادھر پاکستان روانگی سے قبل امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے کہا صدر ٹرمپ کی گائیڈلائن کے تحت بات چیت میں حصہ لینے جا رہا ہوں، یقین ہے مذاکرات مثبت رہیں گے اگر ایرانی قیادت نیک نیتی کےساتھ بات چیت پرآمادہ ہوئی تو امریکہ بھی کھلے دل سے آگے بڑھنے کو تیار ہے،تہران نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا اور چالاکی دکھائی تو امریکی مذاکراتی ٹیم مثبت ردعمل نہیں دے گی۔