سیف سٹی پراجیکٹ کے باوجودجرائم ہونا افسوسناک،سستی کی گنجائش نہیں:مریم نواز

لاہور (وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جرائم کی شرح میں اضافے پرنوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس میں جرائم کے واقعات کی ویڈیوز خود شیئر کرکے شرکا کو دیکھا کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ پولیس افسروں سے حالیہ واقعات پرباز پرس کی، اجلاس میں جرائم روکنے کےلئے پیشگی اقدامات پر کام کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسران کی بھی سرزنش کی ، آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ڈی سے بھرپور تعاون کی ہدایت کی، مریم نواز نے اجلاس میں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا جرائم کی شرح میں اچانک اضافے کا رجحان شرمناک اور فکر انگیز ہے، اتنی محنت کے بعد پنجاب کو سیف سٹی بنائے اور جرائم سے پاک کیا،اب پھر سستی کی گنجائش نہیں،قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے واقعات کا تسلسل بڑھنا قطعاً برداشت نہیں، چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے، روکنا ہوگا، پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کر دیا، اب ڈیلیور کر کے دکھانا ہوگا، 100فیصد میرٹ پولیسنگ کی وجہ سے اپنے پرائے سب کی ناراضگی مول لی، اب کسی پولیس افسر کو ایم پی اے یا ایم این اے کے بندہ آنے کا ڈرخوف نہیں،وزیراعلیٰ نے کہا پچھلے دور میں سیاسی وابستگیوں سے تعیناتیاں ہوتی تھیں، اب سیاسی مداخلت بالکل صفر ہے،پولیس افسروں کا فائنل انٹرویو خود کرتی ہوں، من چاہا بجٹ دیا، اسلحہ، آلات اور گاڑیاں بھی دیں، سی سی ڈی کی آنر شپ لینے کی وجہ سے میرے اہل خانہ بھی فکر مند ہوئے لیکن عوام کو تحفظ اور سکون کا احساس دینا چاہتے ہیں، امن و امان میں بہتری کےلئے جو کرنا پڑاکروں گی، سختی برتنا پڑی تو سختی بھی برتیں گے، گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری ہونے کی ویڈیوشرمناک ہے، گجرات میں کرائم کا برا حال ہے،بس روک کر بیگ چھینے گئے،ڈکیتی ہوسکتی ہے تو قتل بھی ہوسکتا ہے،صوبہ بھر میں سیف سٹی قائم ہونے کے باوجودجرائم سرزد ہونا قابل فکر ہے،منشیات کے واقعات کے اعداد وشمار دیکھ کر شرم آتی ہے،سپیڈو بس کے کنڈیکٹر نے بچی کو مارا، اگر قانون کا خوف ہوتو ایسے واقعات نہیں ہوسکتے،پولیس کو 2سال میں مجموعی طور پر 527 ارب کا ریکارڈ بجٹ دیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، دریں اثناوزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلیوں کےخلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے، زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے، ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کے تحفظ کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا، پنجاب میں پلاسٹک زیرویسٹ کی پالیسی اپنائی، پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کےلئے پہلی ”سمارٹ انوائرمنٹ فورس“ قائم کی گئی، ماحولیاتی بہتری کےلئے 10 سالہ کلائمیٹ چینج ایکشن پلان پر کام شروع کیا ، زمین اورماحولیات کی بہتری کےلئے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلع خیبر میں 18 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پربہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کی جنگ میں قوم افواج پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔