خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا وزیراعلیٰ کا وژن ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن میں تین روزہ مقابلہ جات بعنوان ”ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں“ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں خواتین کو سماجی، معاشی اور تعلیمی سطح پر مکمل تحفظ، احترام اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی عظمت، وقار اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے تمام اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ عورت کے احترام اور خودمختاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کمشنر ساہیوال نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں خواتین نہ صرف گھر بلکہ تعلیم، ادب، فنون، معیشت اور قومی ترقی کے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، لہٰذا ایسی ثقافتی تقریبات وقت کی اہم ضرورت ہیں جو خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور نئی نسل میں اعتماد و شعور پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ جات دراصل عورت کے مثبت، باوقار اور مضبوط تشخص کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک خوبصورت کاوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین کی فلاح و بہبود، ہنرمندی، صحت، تعلیم اور معاشی استحکام کے لیے متعدد منصوبے متعارف کرا رہی ہیں تاکہ خواتین کو ایک محفوظ، بااختیار اور خوداعتماد مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے تین روزہ پروگرامز اور مقابلہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تقریب میں الیاس اکبر سگلہ، مقابلہ جات کے ججز اور دیگر ادبی و ثقافتی شخصیات بھی موجود تھیں۔