کسی صوبے کو رہنمائی یا تعاون چاہیے تو دروازے کھلے ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں بڑے عوامی مفاد کے فیصلے کیے گئے ، وزیراعلیٰ مریم نواز ہر اجلاس میں عوامی فلاح کو ترجیح دیتی ہیں،پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری دےدی ہے جس کے تحت پنجاب کے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو انشورنس سہولت فراہم کی جائےگی،پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ پہلی مرتبہ کچے کی ترقی کےلئے 23 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ سکیم کے تحت کچے کے علاقوں کے لوگوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے، سکیم میں اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ 30 ہزار لاٹس کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے، مریم نواز پنجاب کے کسانوں کی خود سرپرست ہیں، حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،وزیر اطلاعات نے کہاپنجاب کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی منظوری بھی دی ہے، پنجاب حکومت کے تمام فیصلے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں ، صوبے میں منصوبوں کے صرف اعلانات نہیں بلکہ انہیں دنوں میں مکمل بھی کیا جاتا ہے، پنجاب حکومت کا منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنا اب ملک گیر معیار بن چکا ہے، اگر کوئی صوبہ کسی منصوبے میں رہنمائی یا تعاون چاہتا ہے تو پنجاب حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔