نیویارک (بیورو رپورٹ) اسرائیلی فوج فلسطینی خواتین اور بچوں پر منظم جنسی تشدد کر رہی ہے،امریکی اخبار نے سب بے نقاب کردیا،نیویارک ٹائمز کی رپورٹ معروف امریکی صحافی اور دو مرتبہ پلٹزر انعام یافتہ نکولس کرسٹوف نے تحریر کی جس میں فلسطینی قیدیوں کےساتھ اسرائیلی فوجیوں، تفتیش کاروں اور جیل اہلکاروں کی جانب سے سفاکانہ جنسی تشدد کے الزامات سامنے لائے گئے،رپورٹ میں مقبوضہ مغربی کنارے کے متاثرین کے انٹرویوز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا فلسطینیوں حتیٰ کہ بچوں کےخلاف جنسی تشدد وسیع اور منظم طرز عمل بن چکا ہے،نکولس کرسٹوف نے لکھا اگرچہ اس بات کے شواہد موجود نہیں اسرائیلی قیادت براہِ راست ایسے اقدامات کے احکامات دیتی ہے تاہم ان کے زیر نگرانی سکیورٹی نظام میں عمل معمول کی کارروائی بن چکا ہے،رپورٹ میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا فلسطینیوں کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات منظم ریاستی پالیسی کا حصہ دکھائی دیتے ہیں، سیاسی اختلافات سے قطع نظر فلسطینیوں کے ساتھ بدسلوکی میں جنسی تشدد کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا اخبار نے اسرائیل کےخلاف جھوٹا اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا شائع کیا ۔
اسرائیلی فوج فلسطینی خواتین ،بچوں پر منظم جنسی تشدد کر رہی ہے: نیویارک ٹائمز



















