عسکری اداروں،میڈیا،یونیورسٹیوں میں روابط ناگزیر ہیں: وائس ایڈمرل راجہ رب نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسی لینس کے زیر اہتمام ”معرکہ حق کے ایک سال بعد: جنوبی ایشیا میں ڈیٹرنس، سفارت کاری اور بیانیہ“ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا،چیف آف سٹاف پاکستان نیوی وائس ایڈمرل راجہ رب نواز تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ”معرکہ حق“ کے دوران پاک بحریہ کی حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کو اپنے ہی پانیوں تک محدود رہنے پر مجبور کر دیا تھا، ڈیٹرنس اور قومی سٹرٹیجک بیانیہ کو مو¿ثر بنانے کےلئے عسکری اداروں، یونیورسٹیوں، میڈیا اور سفارتی حلقوں کے مابین مسلسل روابط اور اشتراک ناگزیر ہے، استقبالیہ خطاب میں صدر میری ٹائم سینٹر آف ایکسی لینس ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے معرکہ حق کے بعد کے علاقائی ماحول میں پاکستان کے ڈیٹرنس پوسچر اور سفارتی حیثیت کے معروضی حالات اور شواہد پر مبنی جائزے کی اہمیت کو اجاگر کیا، سیمینار میں ممتاز ماہرین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں جبکہ سیمینار میں عسکری حکام، سینئر سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان اور یونیورسٹی طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔