اسلام آباد: (بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے کے پی حکومت کو قانون سازی کیلئے 3ہفتے کی مہلت دےدی۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاصوبے کے 7 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل تعطل کا شکار ، صوبائی حکومت خیبرپختونخوا بھر میں بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ کرانا چاہتی ہے، گزشتہ سماعت پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے قانون سازی کیلئے 3 ہفتے کا وقت مانگا تھا،حکام کے مطابق صوبائی کابینہ کمیٹی کا اجلاس 31 اگست کو ہوا،صوبائی حکومت نے دیگر صوبوں میں بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
چیف سیکرٹری کے پی نے کہاصوبائی کابینہ کمیٹی قانون میں ترامیم پر غور کر رہی ہے،ممبر بلوچستان نے ریمارکس دیئے خیبرپختونخوا حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، ایسا نہ ہو وزیراعلیٰ کو طلب کرنا پڑے،ممبر سندھ نثار درانی نے کہا بلدیاتی انتخابات تو کروانے پڑیں گے، کمیشن کے پاس بہت سے آئینی راستے موجود ہیں، ممبر کے پی نے کہا قانون میں تبدیلی کے بعد تمام حلقہ بندیاں دوبارہ کرنا پڑیں گی۔
سپیشل سیکرٹری نے کہا صوبائی حکومت فیصلہ کرے تو الیکشن کمیشن پورے صوبے میں ایک ساتھ انتخابات کرا دے گا،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کے پی حکومت کو قانون سازی کیلئے مزید 3 ہفتے کا وقت دیتے ہوئے مزید سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
بلدیاتی انتخابات،کے پی حکومت کو قانون سازی کیلئے 3 ہفتے کی مہلت


















