لباس پر تنقید، پریشے عدنان کے حق میں پاکستانی فنکار میدان میں

لاہور (مشرق نیوز) معروف میزبان نادیہ خان کی جانب سے نوجوان فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان سے ان کے جم کے لباس سے متعلق سوالات کیے جانے پر تنازع شروع ہوا جس کے بعد متعدد شوبز شخصیات ان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

پریشے عدنان حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں اپنی کلیکشن پیش کرنے کے بعد نادیہ خان کے پروگرام میں شریک ہوئی تھیں مگر انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے جم کی ویڈیوز اور لباس کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ان کے والدین اس پر ناراض نہیں ہوتے۔

پریشے نے پروگرام کے دوران کہا کہ حفاظت یقیناً ایک اہم مسئلہ ہے، تاہم انہیں خواتین اور مردوں کی جانب سے ایسے پیغامات بھی ملتے ہیں جن میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی ویڈیوز سے متاثر ہو کر انہوں نے ورزش اور سٹرینتھ ٹریننگ شروع کی۔ بعدازاں پریشے نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انہیں سوال کے پیچھے موجود مقصد کا اندازہ ہو گیا تھا لیکن انہوں نے خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کی۔

ہانیہ عامرنے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کیں جس کے ساتھ طنزیہ انداز میں وہی جملہ لکھا جو نادیہ نے پریشے کو کہا تھا۔ اداکار یاسر حسین نے پریشے کی حمایت کرتے ہوئے نادیہ خان کا نام لئے بغیر طنزیہ انداز میں لکھا کہ جب علم اور سکرپٹ دونوں نہ ہوں اور ٹی آر پی کا دباو بھی ہو تو انسان کا معیار گر جاتا ہے۔ گلوکارہ یشل شاہد نے معاملے پر طنزیہ انداز اپنایا اور کمبل اوڑھ کر ورزش کرنے کی ویڈیو بنائی۔ انہوں نے مذاقاً یہ تاثر دیا کہ شاید جم میں تنقید سے بچنے کیلئے خواتین کو کمبل اوڑھ کر ہی ورزش کرنا پڑے گی۔

پریشے کی والدہ اور معروف ڈیزائنر ہما عدنان نے بھی بیٹی کی حمایت کرتے ہوئے ان سے کئے گئے سوالات کو غیرضروری قرار دیا اور اپنی بیٹی پر فخر کا اظہار کیا۔ تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے جہاں متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ پریشے کی بین الاقوامی کامیابی اور فیشن کیریئر کے بجائے ان کے لباس کو گفتگو کا مرکز بنانا مناسب نہیں تھا۔