لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122)، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ستمبر 2026 کے دوران پنجاب بھر میں پیش آنے والے41,472روڈ ٹریفک حادثات میں 330 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع،21,528افراد کے شدید زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار ہونے،1,473 آگ لگنے کے واقعات اور 143 ڈوبنے کے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122) نے ستمبر 2026 کے دوران پنجاب بھر میں 2 لاکھ 34 ہزار 91 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 لاکھ 35 ہزار 750 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان خیالات کا اظہار ستمبر2026 کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع کی ایمرجنسی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ وہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے ماہانہ آپریشنل کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ڈائریکٹرز ایمرجنسی سروسز، مختلف ونگز کے سربراہان اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی، جبکہ تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام ضلعی ایمرجنسی افسران نے ستمبر 2026 کے دوران اپنے اپنے اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی، جس میں اہم ایمرجنسیز، ریسپانس، آپریشنل چیلنجز پہ تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ہیڈ آف آپریشنز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران 234,091 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں ،جن میںسب سے زیادہ ایمرجنسیز56,529 روڈ ایکسیڈنٹ اورٹراما کی تھیں، اس کے علاوہ43,669 دل کے امراض، 35,681 معدہ و نظام ہاضمہ، 20,396 سانس کی بیماریوں، 17,829 اعصابی امراض، 14,972 بخار، 8,685امراضِ نسواںو زچگی، 8,077 مثانہ کے امراض، 5,756 نفسیاتی امراض، 5,525 شوگر،4,679جرائم ایمرجنسیز کی کال، 4,600ریڑھ اور جوڑوںکے درد، 457 الرجی کی ایمرجنسیز جبکہ 6,986 آگ لگنے اور ریسکیو سے متعلق ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 41,472روڈ ٹریفک حادثات میں 330 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 7,430 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 8,093 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ملتان میں 2,827 حادثات پیش آئے جن میں 3,286 موٹر سائیکلیں جبکہ فیصل آباد میں 2,560 حادثات میں 2,823 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں 1,937 حادثات میں 2,108 موٹر سائیکلیں جبکہ راولپنڈی میں 1,587 حادثات میں 1,603 موٹر سائیکلیں موجود تھیں۔ سب سے کم حادثات تونسہ شریف میں رپورٹ ہوئے جہاں 125حادثات میں 136 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور343کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ فیصل آباد میں132، ملتان میں 97، راولپنڈی94،رحیم یار خان میں 62اوربہاولپور میں55واقعات پیش آئے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے حادثات کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران41,472روڈ ٹریفک حادثات میں 330 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حادثات میں 74 فیصد موٹر سائیکل شامل تھیں۔ انہوں نے موٹر بائیک رائڈرزپر زور دیا کہ وہ محفوظ ڈرائیو کریں اور سڑک کے بائیں جانب 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار پر سفر کریں، کیونکہ رفتار میں ہر 1 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافہ مہلک حادثے کے خطرے کو 4 سے 5 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
ستمبر کے دوران 235,750 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں:رضوان نصیر



















