لاہور (اپنے رپورٹر سے+ کرائم رپورٹر) پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت دونوں محکموں کے 20 افسران تربیتی دورے پر امریکہ جائیں گے۔ امریکی ریاست ورجینیا میں 24اکتوبر سے 8نومبر تک جاری رہنے والے تربیتی پروگرام میں الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی مجرمان کے انتظام کے جدید طریقوں سے آگاہی دی جائے گی۔امریکہ میں تربیت کیلئے منتخب افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، سابق ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال اور سینئر سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر بھی موجود تھیں۔ دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ”ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام“امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہو گا، پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، تربیتی پروگرام کے لئے حکومتِ پنجاب پر کوئی مالی بوجھ نہیں آئے گا، امریکی تربیتی دورہ 24اکتوبر سے 8نومبر تک جاری رہے گا۔امریکہ میں رواں سال جدید تربیت کیلئے یہ پروبیشن اینڈ پیرول افسران کا دوسرا وفد ہے،دوران تربیت الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اوفنڈر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا جائے گا، ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی نگرانی کے طریقہ کار پر خصوصی تربیت دی جائے گی، پروگرام کے دوران "بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت" کے بنیادی فلسفے کو اجاگر کیا جائے گا، تربیت میں شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقہ کار بارے آگاہی دی جائے گی، ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت نے اس سے قبل بھی پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، تربیتی پروگرام پنجاب میں ہائی رسک مجرمان کے انتظام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا، امریکہ جانے والے افسران صرف ٹرینی نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو امریکہ روانگی سے قبل ابتدائی تربیت کروائی جا رہی ہے، تربیت یافتہ افسران کو مختلف اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے اوفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔
پنجاب ، 20پروبیشن اینڈ پیرول و پریزن افسران جدید تربیت کیلئے امریکہ جائینگے



















