اسمبلیاں چھوڑنے کا آپشن موجود ،شفاف انتخابات کرائے جائیں،اپوزیشن


پشاور:(بیورورپورٹ)اپوزیشن جماعتوں نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج ،ایمرجنسی کے نفاذ کےخلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرکے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے،اسمبلیاں چھوڑنے کا آپشن موجود ،پرامن و آئینی جدوجہد پر یقین ،مذاکرات کےلئے بھی تیار ہیں،صوبے کے 4کروڑ عوام کی منتخب حکومت ختم کی گئی،عام انتخابات میں نشستیں پی ٹی آئی نے جیتیں،حکومت کسی اور کو دےدی گئی،کسی ملک میں قیدی سے ملاقات پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کو معاہدے پر مجبور کیا جا رہا ہے ،ماضی میں نواز شریف ،بےنظیر بھٹو کے ساتھ ایسا ہی طرز عمل اختیار کیا گیا۔

محمود اچکزئی نے کہاوقت خاموش بیٹھنے نہیں ،عوام کے حقوق ،آئینی تحفظ کےلئے کھڑے ہونے کا ہے کسی کو پتھر نہیں ماریں گے، پالیسی پارلیمنٹ میں بننی چاہیے ،تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں،مذاکراتی پیشکش کے جواب میں اپنے مطالبات سامنے رکھ دئیے ،آئین کی بالادستی، متنازع ترامیم کی واپسی، پارلیمنٹ کو طاقت کا حقیقی سرچشمہ بنانا ،شفاف انتخابات کےلئے آزاد کمیشن کا قیام شامل ہے جب تک پارلیمنٹ کو فیصلہ سازی کا اصل مرکز نہیں بنایا جاتا، ملکی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

اپوزیشن لیڈر سینٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ملک میں لاقانونیت عروج پر ہے ،حکمرانوں سے نظام نہیں چل رہا تو ایک صوبے پر قبضہ کر لیا ،مینڈیٹ چوری کرنے والے اعتراضات اور احتجاج کی آواز دبانا چاہتے ہیں،موجودہ ملکی صورتحال پر خاموش رہنا پاکستان سے محبت کے تقاضوں کے منافی ہے۔