اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی تبدیلی کاامکان مسترد کرتے ہوئے کہاخیبر پختونخوا میں دہشتگردی پر کنٹرول کے بعد نظام صوبائی حکومت کے حوالے کردیا جائے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہاوزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ، وزیراعظم نے خود اپوزیشن لیڈر سے کہا بیٹھیں بات کریں، بامقصد مذاکرات کےلئے دروازے کھلے ہیں، اپوزیشن بامقصدبات چیت کرنا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہتے ہیں،ایمرجنسی ،گورنرراج کے آئینی تقاضوں کی تکمیل ہوچکی ، خیبر پختونخوا میں اب تیسرا مرحلہ شروع ہو چکا جس کےلئے ایمرجنسی لگائی گئی ،دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ،دائمی امن کا قیام مقصد ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا متاثرہ 12 اضلاع کو دہشتگردوں سے کلیئر کیا جائے گا، دہشتگردی پر کنٹرول کے بعد صوبے کا نظم و نسق صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے گا،لوگوں کی محرومیاں دور،ترقیاتی کام کرنے کا روڈمیپ ہے، گورنرکے پی صوبائی حکومت کے اختیارات کا مکمل کنٹرول لے چکے ، خیبر پختونخوا میں کسی قسم کی کوئی سیاسی مداخلت نظر نہیں آئے گی،ترجیح دہشتگردی کا خاتمہ، امن کا قیام ،ترقی ہے، فیصل کریم کنڈی پرانے پارلیمنٹیرین ،منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، گورنر خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
دہشتگردی پر کنٹرول کے بعد نظام KP حکومت کے حوالے کردیا جائیگا،وفاقی وزیر



















