بھارت کی ہندوتوا پالیسی بدامنی کا باعث ہے، مشیر نیشنل کمانڈ اتھارٹی

لندن: (مشرق نیوز) مشیر نیشنل کمانڈ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے کہا ہے بھارت کی ہندوتوا پالیسی پر مبنی سیاست خطے میں بدامنی کا باعث ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹریٹجک سٹڈیز کے زیر انتظام لندن سیمینارمیں اظہار خیال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے کہابھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ،علاقائی بالادستی کی سوچ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ،ہندوتوا پالیسی پر مبنی سیاست خطے میں بدامنی کا باعث ہے، بھارت کی جارحانہ عسکری سوچ ،جوہری صلاحیتوں میں تیز رفتار اضافہ جنوبی ایشیا کے سٹریٹجک استحکام کیلئے خطرہ ہے،بھارت کی جانب سے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی کے دعوے پر سوالیہ نشان ہے، بھارت کے میزائل پروگرام اور دہری صلاحیتوں کے حامل ہتھیار خطے میں تصادم کا خطرہ بڑھا رہے ہیں۔

مشیر نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کہا مئی 2025 کے بحران میں بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا کو جوہری تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کے بعد ذمہ دارانہ طرز عمل اپناتے ہوئے کشیدگی مزید نہیں بڑھائی،پاکستان کی پالیسی واضح ، جارحیت کرنے والے کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کا جوہری ،فل سپیکٹرم ڈیٹرنس خطے میں سٹریٹجک توازن برقرار رکھنے کا اہم ستون ہیں،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کےلئے بھارت کو سیاسی مکالمے کا راستہ اپنانا ہوگا۔