لاہور:(اپنے رپورٹر سے)صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس میںوزیراعلیٰ مریم نواز نے جون 2027تک 5734واٹرفلٹریشن پلانٹ مکمل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سونپ دی،اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں گلی محلے میں موجود واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلئے عوامی کمیٹی قائم ہوگی، ہر تحصیل میں واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مرمت وبحالی کےلئے موبائل مینٹیننس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا،واٹر فلٹریشن پلانٹ موبائل ورکشاپ میں پلمبر و دیگر ٹیکنیکل سٹاف متعین ہوگا۔
مریم نواز نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی منظوری بھی دی، لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کے تحت چکوال، راجن پور و راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پانی مہیا کیا جائے گا،چکوال میں 256کلومیٹر اور راجن پور میں 1780کلومیٹر تک واٹر سپلائی پراجیکٹ بنے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاصاف پانی عوام کا حق ،ہر فرد کو صاف پانی ضرورملے گا، پنجاب میں پہلی مرتبہ گھروں تک صاف پانی پہنچانے کا شرف ملنے پر شکر بجالاتے ہیں،چکوال، راجن پور ،پنڈی کے بعد دیگر علاقوں میں بھی واٹر سپلائی سکیمیں لائیں گے اب کسی کو میلوں دور سے پینے کیلئے پانی لانے کی مشقت نہیں کرنا پڑے گی۔
دریں اثنا پنجاب کو فلم، ڈرامہ ، ثقافت ،سیاحت کا مرکز بنانے اور شاندارماضی والی آب وتاب واپس لانے کےلئے پاکستان کا سب سے بڑا پراجیکٹ تیاری کے قریب پہنچ گیا ، وزیراعلیٰ مریم نوازکے ویژن کے تحت پاکستان ، پنجاب کے پہلے جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات سے لیس فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ، افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا ،پنجاب میں بننے والی پنجابی فلموں کو 35، اردو فلموں کو 20فیصد ریبیٹ دیا جائے۔
5734واٹرفلٹریشن پلانٹ جون تک مکمل کرنے کا ہدف ،ہر فرد کو صاف پانی ضرورملے گا،مریم نواز



















