پاکستان ،سنگاپور کاتجارت، سرمایہ کاری ،اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ،سنگاپور نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے ملاقات کی ،دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری ، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماوں نے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ،دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس ،چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

شہباز شریف نے سنگاپور کی اقتصادی ترقی، جدت ،کامیاب تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ سطح اور آسیان پلیٹ فارم کے ذریعے تعاون کو اہمیت دیتا ہے، دونوں فریقین نے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے ،عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا پاکستان ،سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر خوشی ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں،وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کرنا خوش آئند ہے،دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بہترین ،تجارتی حجم میں اضافے کی گنجائش موجود ہے، پاکستان ،سنگاپور کے تاجروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، غیر یقینی عالمی معاشی صورتحال میں مضبوط اقتصادی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں،خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہاپاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا ،قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام ، سرچ اینڈ ریسکیو صلاحیتوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، دونوں ممالک مشترکہ تربیتی مشقوں ،تجربات کے تبادلے پر بھی کام کریں گے،دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کا محض آغاز ہے ،مزید جامعات کو بھی تعاون میں شامل کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان ،سنگاپور کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ،سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی مشترکہ خواہش کا عکاس ہے،ملاقات میں دوطرفہ تجارت ،سرمایہ کاری بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی، دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط مضبوط بنانے ،کاروباری طبقے کی سطح پر براہ راست تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہاپاکستان سنگاپور کےساتھ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لےجانے کا خواہاں ،تنازعات کے حل کےلئے مذاکرات ،سفارتکاری پر یقین رکھتا ،فلسطین ،کشمیر کے معاملات پر سنگاپور کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہیں،وزیراعظم نے دعوت قبول کرلی ،شہباز شریف جلد سنگاپور کا دورہ کریں گے،دریں اثناپاکستان ،سنگا پور کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا، این ڈی ایم اے ،سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان تعاون کیلئے ایم او یو پردستخط ہوگئے، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری ،ردعمل میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنایا جائےگا۔