حکومت کو زبانی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے: جاوید قصوری

لاہور (انٹرویو:قمر عباس نقوی/ تصاویر: شاہنواز)امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی ریلیف کے حصول کی خاطر پرامن احتجاج کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ عوام کو مہنگائی، ظالمانہ ٹیکسوں اور زرعی بحران سے نجات دلانا ہے۔ جماعت اسلامی اس وقت عوام کی آواز بن کر میدان میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی ریلیف کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پٹرولیم لیوی ختم ہو، بجلی کے بلوں میں ریلیف ملے، آٹا، چینی اور ادویات سستی ہوں اور غریب آدمی کو سانس لینے کا موقع ملے۔ حکومت نے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا ہے، جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف پرامن طور پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات واضح کر دیے ہیں۔ ہمارا پہلا مطالبہ پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہے۔ اگر حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دوسرا اہم نکتہ کسانوں کے حقوق ہیں۔ حکومت کو زبانی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پنجاب حکومت کی زرعی پالیسی صرف دکھاوا بن کر رہ گئی ہے، عملاً کسان کو کچھ نہیں مل رہا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ گنے کے کاشتکار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ ایک طرف گنے کی فصل تیار کھڑی ہے، دوسری جانب شوگر ملز مالکان نے تاحال کرشنگ سیزن شروع نہیں کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے اور کرشنگ کا آغاز 10 نومبر تک شروع کیا جائے۔ گنے کی فصل جتنی لیٹ ہوگی گندم کی فصل بھی اتنی ہی دیر سے لگائی جائے گی۔ حکومت شوگر ملز کو مقررہ وقت پر کرشنگ کا پابند بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ کرشنگ میں تاخیر کسانوں کیلئے دوہرا نقصان ہے۔ گنے کی کٹائی کے بعد کاشتکاروں نے گندم کی بوائی کرنی ہے، لیکن کرشنگ شروع نہ ہونے سے گندم کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کسان پہلے ہی کھاد، بیج، ڈیزل، بجلی اور آبپاشی پر بھاری اخراجات کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں بھی متعدد شوگر ملز نے کاشتکاروں کو مکمل ادائیگیاں نہیں کیں، جو قابل مذمت ہے۔ ملک میں تقریباً 11 لاکھ 90 ہزار ایکڑ پر گنے کی کاشت ہوئی ہے اور پیداوار 8 کروڑ 42 لاکھ ٹن متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب نے پہلے ہی زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ایسے میں کسان کو بروقت اور منصفانہ قیمت نہ ملنا معاشی استحصال ہے۔ حکومت شوگر ملز کو فوری کرشنگ، واجبات کی ادائیگی اور منصفانہ قیمت کا پابند بنائے۔کسان پیکیج پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسان پیکیج کے نام پر کاشتکاروں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہے۔ یوریا کی بوری 5000 روپے تک بلیک میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ ڈی اے پی گزشتہ سال کی نسبت 4 ہزار روپے مہنگی ہے۔کسان کارڈ پر انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ رقم 30 ہزار سے بڑھا کر 33 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے اور دعویٰ ہے کہ 3 ہزار 500 روپے سبسڈی دی گئی ہے۔ اگر یہ واقعی سبسڈی ہے تو حکومت خود برداشت کرے۔ کسان کو 30 ہزار کے بجائے 33 ہزار 500 کا بوجھ دینا ریلیف نہیں بلکہ قرض میں اضافہ ہے۔کپاس پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے کپاس کی پیداوار مسلسل زوال کا شکار ہے۔ جنوبی پنجاب میں گنے کی غیر متوازن کاشت نے کپاس بیلٹ تباہ کر دیا ہے۔ شوگر ملز کے مفادات کو ترجیح دینے سے کپاس کا رقبہ کم ہوا، جس سے کسان، ٹیکسٹائل انڈسٹری اور برآمدات کو نقصان پہنچا۔گندم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تقریباً ایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت ہوئی مگر گزشتہ سال آئی ایم ایف کے دباو¿ پر حکومت سرکاری قیمت خرید مقرر کرنے سے گریزاں رہی۔ گزشتہ سیزن میں گندم 3 ہزار روپے فی من سے بھی کم پر خریدی گئی جبکہ اب بیج کا 50 کلو کا تھیلا 9 ہزار روپے میں بھی دستیاب نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسان کو اس کی محنت کا جائز معاوضہ نہ ملا تو زرعی معیشت اور غذائی تحفظ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔