اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کی مخالفت پر حکومتی رہنماوں کے جوابی وار کا سلسلہ جاری ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپ 2020 سے کاروبارِ حکومت میں پارٹنر ہیں، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو، اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی، سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے، عوامی استصواب رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں، پارلیمنٹ کے ساتھ عوام کی رائے کو جان لیا جائے تو یہی بہتر ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب آپ کے پاس سندھ کی حکومت 18 سال سے ہے، کیا سندھ جنت بن گیا ہے، کیا کراچی شہر کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے آپ 2022 سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ہیں، نفع آپ کا اور نقصان مسلم لیگ (ن) کا یا پاکستان کا ، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں، حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے کسی کی میراث نہیں، عوام کے حقوق آئین کی کتاب تک محدود نہ رکھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کے حوالے سے ڈسٹرب ہیں، ان کی پریس کانفرنس تضادات سے بھری ہوئی ہے، اتنا سخت ردعمل دینے کی کیا ضرورت تھی، صوبے 32 بنیں یا 12، فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا یہ کہنا درست نہیں کہ پارلیمنٹ بااختیار نہیں، تاہم صوبوں سے متعلق بحث ابھی تک کابینہ یا پارلیمنٹ میں نہیں ہوئی بلکہ اس وقت سیمینارز میں جاری ہے۔ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو تمام سیاسی جماعتیں اس بحث میں حصہ لیں گی۔
بلاول 2020 سے کاروبار حکومت میں پارٹنر، کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟ خواجہ آصف
















