لاہور: (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کا جلسہ پنجاب کی سیاست کا رخ تبدیل کردے گا، جماعت اسلامی صوبہ میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی پرکل حکومت سے مذاکرات کا آخری دور ہوگا، ریلیف کا دائرہ کار نہ بڑھایا گیا تو دھرنوں کا آغاز ہوجائے گا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مہنگائی سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، آٹا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگیا، گندم کسان سے 35سو روپے من خریدی گئی اب بازار میں ساڑھے پانچ ہزار من کی فروخت ہورہی ہے، حکومت فلور ملز (Flour Mills) کو ناقص گندم فراہم کررہی ہے،مریم نواز کی حکومت نے پنجاب میں زراعت کو تباہ کردیا، کپاس کے قابل کاشت رقبہ میں ساٹھ فیصد کمی ہوئی ہے، ان علاقوں میں رہائشی کالونیاں تعمیر ہورہی ہیں، شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ (Crushing) کا آغاز نہیں کیا، گنے کی کاشتکار پریشان ہیں۔
مینار پاکستان کا جلسہ سیاست کا رخ بدل دیگا، حافظ نعیم الرحمن
















