سپریم کورٹ نے ملزم کی ضمانت منسوخی کے8 اصول طے کر دیئے


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے ملزم کی ضمانت منسوخی کے8 اصول طے کر دئیے،سپریم کورٹ نے قرار دیا حکم بادی النظر میں غیر قانونی یا ناانصافی پر مبنی ہو تو ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔

فیصلے کے مطابق ملزم ضمانت کی رعایت کا ناجائز استعمال کرے، استغاثہ کے گواہوں پر دباو ڈال کر شواہد متاثر کرنے یا رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے تو ضمانت منسوخ ہوگی،ملزم کے عدالتی دائرہ اختیار سے باہر فرار ہونے کا امکان ہو، تفتیش کے شفاف عمل میں مداخلت کی کوشش کرے یا آزادی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اسی نوعیت کے کسی دوسرے جرم کا ارتکاب کرے تو بھی ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے،فیصلے میں کہا گیا دوران تفتیش نئے حقائق ،شواہد سامنے آئیں جو ملزم کے جرم میں ملوث ہونے کا اشارہ دیں تو ضمانت منسوخی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ایف آئی آر کے اندراج میں 9 ماہ کی تاخیر اور ملزم کا کردار مزید تحقیق کا تقاضا کرتا ہے۔