وی آئی پی دورے پر امتحان ملتوی کرنے کی کوشش ، وزیراعلیٰ سخت برہم، ڈی سی جہلم فارغ


لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وی آئی پی دورے پر امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر سخت برہم، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا ، باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاڈی سی جہلم کی وی وی آئی پی وزٹ کی وجہ سے کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش حکومتی ہدایات کی واضح خلاف ورزی ہے،کسی بھی اعلیٰ شخصیت یا سکیورٹی وزٹ کے دوران عام عوام بالخصوص طالب علموں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا تعلیمی حرج کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،طلبہ کے مستقبل ،امتحانات پر ایسے جواز بنا کر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

دریں اثنا مریم نواز نے اپنے دورے کے دوران کوئی بھی مارکیٹ یا دکان بند نہ کرانے کی ہدایات جاری کردیں،تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا گیا وزیراعلیٰ کے دورے کے باعث کسی مارکیٹ، دکان یا کاروبار کو بند نہ کیا جائے،دورہ کسی کاروباری سرگرمی کی بندش کا سبب نہیں بننا چاہیے،کسی رہائشی گلی کو بند یا سیل نہ کیا جائے، سکیورٹی کے نام پر شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد نہ کی جائے، تمام سکیورٹی انتظامات خفیہ ،عوام کےلئے غیر محسوس رکھے جائیںتاکہ لوگوںکو کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائےگی

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں کردار پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہادیوالی کا دیپ محبت کاپیغام، ہندو بہن بھائیوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ،زندگی کے ہر شعبے میں جائز حصہ دینے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان خوبصورت گلدستہ ،مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھائی چارے،باہمی احترام کےساتھ رہتے ، قائداعظم کے افکار کی روشنی میں اقلیتوں کی آزادی ،حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہاپنجاب میں تیزی سے ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری ،باہمی احترام پہچان ہوں گے، ہندو برادری سمیت تمام اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں ،رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے،پنجاب میں اقلیتی برادریوں کی مالی معاونت کیلئے خصوصی مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا ،محفوظ پنجاب ویژن کے تحت مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کئے گئے ،پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ،زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری بھی دی گئی،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ،مساوی مواقع فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔