لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاءمیں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی برقرار رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق عینکوں، پین، کی چین اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاءمیں چھپے مائیکرو کیمروں اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئیہے۔ پابندی کا اطلاق خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیو اور آواز ریکارڈ کرنے اور منتقل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے آلات پر ہو گا۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ آلات کی دکانوں اور آن لائن خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ کوئی بھی دکاندار، تاجر یا ڈسٹری بیوٹر ممنوعہ خفیہ ریکارڈنگ والے آلات فروخت نہیں کرسکے گا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ خفیہ ریکارڈنگ اور جاسوسی آلات کے استعمال سے شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ پابندی کا مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی عزت، وقار اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ ٹرمینل آلات پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت عائد کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق مزید 30 روز تک ہو گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب بھر میں 30 روز کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن
















