سعود کا فارم میں آنا اچھی بات، بابراعظم کو لمبی اننگز کی ضرورت ہے: یونس خان

کراچی (مشرق نیوز) سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ سعود شکیل کا فارم میں آنا اچھی بات ہے، وہ دباو میں آئے بغیر لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بڑے سے بڑا کھلاڑی بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو جاتا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ بابراعظم کو صرف ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہے، اب انہیں کیا مشورہ دے سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان بہتر پوزیشن میں ہے، 200 سے زیادہ کی برتری کو جیت کی شکل میں فائنل ہونا چاہیے۔ سابق کپتان نے کیپ ٹاون ٹیسٹ بال ٹیمپرنگ کیس سے متعلق کہا کہ یہ بہت پرانا معاملہ ہو چکا ہے، سابق آسٹریلوی کرکٹرز کو سینڈ پیپر سکینڈل کے حوالے سے منفی سوچ چھوڑ کر آگے دیکھنا چاہیے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بہتر ہے تاہم آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں ماضی والی بات نہیں۔ انڈر 19 ایشیا کپ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو مثبت رویے کا اظہار کرنا چاہیے تھا، پاکستان اور بھارت کو بہت سی باتیں بھلا کر کرکٹ کیلئے آگے آنا ہوگا، پاکستان انڈر 19 ٹیم کو فائنل جیتنا چاہیے تھا۔