میانمار نسل کشی کامجرم،روہنگیا میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیاگیا،عالمی عدالت


دی ہیگ:(مشرق نیوز)میانمار نسل کشی کامجرم،روہنگیا میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیاگیا،عالمی عدالت نے تاریخی فیصلہ سنادیا۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے فیصلہ سنایا،فیصلے میں کہا گیا میانمار حکومت نے اپنی ریاست رخائن میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرکے 1948 کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کی،ہزاروں روہنگیا شہریوں کے قتل، خواتین پر جنسی تشدد، بچوں سے انتہائی سفاکانہ برتاﺅ اوربنگلہ دیش پناہ لینے کی کوشش کرنے والوں پر حملے کے شواہد ملے۔

عالمی عدالت انصاف نے قرار دیا سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا مقصد روہنگیا آبادی کے بڑے حصے کو ختم کرنا تھا،میانمار کی فورسز نے بچوں کےخلاف بھی انتہائی سنگین جرائم کیے،فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مردوں کو ماورائے عدالت سزائے موت دی گئی، مختلف علاقوں میں خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

آئی سی جے کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کے گھروں کو جان بوجھ کر نذر آتش کیا گیا، شواہد سے ثابت ہوتا ہے میانمار کی فورسز نے تقریباً 10 ہزار روہنگیا افراد کو قتل کیا،میانمار کو متاثرین کی بحالی، تباہ شدہ اجتماعی املاک کی واپسی، لاپتہ افراد کی تلاش ،جسمانی و نفسیاتی بحالی کے اقدامات کرنا ہوں گے۔