لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین ایف بی آر راشد محمودلنگڑیال سے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کرکے ٹیکس دہندگان کو درپیش انتظامی، تکنیکی اور قانونی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے فوری اور مستقل حل کا مطالبہ کیا ،وفد نے آر ٹی اوI اور آر ٹی او II لاہور کے درمیان ٹیکس دہندگان کے دائرہ اختیار سے متعلق زیر التوا ءمعاملات، ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم میں درستگی، آئرس سسٹم پر رجسٹریشن کوائف کی تبدیلی اور سیلز ٹیکس گوشواروں کی فائلنگ میں حائل رکاوٹوں کے حل کیلئے واضح اور یکساں طریق کار جاری کرنے پر زور دیا۔وفد میں لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری فاروق گجر، نائب صدر عثمان جاوید، جوائنٹ سیکرٹری علی رضا چیمہ ،فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان،جنرل سیکرٹری پاکستان ٹیکس بار طاہر محمود بٹ ، سینئر نائب صدر شیخ محمد یاسین ،پیٹرن پاکستان ٹیکس بار رانا منیرحسین ،سابق صدر پاکستان ٹیکس بار سید محمد نعیم شاہ ،سابق عہدیداران ٹیکس بارز چوہدری قمر الزمان ،زاہد عتیق چودھری ،شہباز صدیق ،ےانیب انصاری ،سید محمد عرفان شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وفد نے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا کہ آر ٹی او II لاہور کے قیام کے بعد متعدد ٹیکس دہندگان کو آئرس میں غلط طور پر ایسے کمشنرز ان لینڈ ریونیو کے ماتحت ظاہر کیا جا رہا ہے جن کے پاس متعلقہ ٹیکس دہندگان کا قانونی دائرہ اختیار نہیں جس کے باعث ٹیکس معاملات کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر، انتظامی مشکلات اور ٹیکس دہندگان و ان کے نمائندوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں آر ٹی اوز کے چیف کمشنرز کو بارہا درخواستیں دینے کے باوجود مسائل حل نہیں ہو سکے۔وفد نے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم میں درستگی کے اختیارات متعلقہ کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو دینے کے ایف بی آر کے فیصلے کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے واضح ایس او پی جاری کیا جائے تاکہ فیلڈ فارمیشنز کی سطح پر درخواستوں کو بروقت نمٹایا جا سکے۔لاہور ٹیکس بار نے فارم 181 کے ذریعے ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن تفصیلات میں تبدیلی کے دوران پیش آنے والی مشکلات کی بھی نشاندہی کی۔ وفد نے بتایا کہ ای میل ایڈریس، موبائل نمبر، رجسٹرڈ کاروباری پتے اور کاروباری مقامات و برانچز کے اندراج میں تکنیکی اور طریق کار سے متعلق رکاوٹیں موجود ہیں جن کے باعث معمول کے رجسٹریشن معاملات بھی تاخیر کا شکار ہوتے ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے یکساں طریقہ کار اور درخواستوں پر کارروائی کی مقررہ مدت متعین کرنے کی ضرورت ہے۔وفد نے سیلز ٹیکس بیلنس شیٹ میں سرمایہ کی تفصیلات اپ ڈیٹ نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ ٹیکس سال 2026 کا سالانہ انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے اور اس میں تازہ ترین سرمایہ ظاہر کرنے کے باوجود آئرس کے سیلز ٹیکس بیلنس شیٹ میں پرانا سرمایہ برقرار رہتا ہے جس کے باعث ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ملاقات میں کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسیدوں میں این ٹی این، شناختی کارڈ نمبر، ٹیکس پیریڈ، ٹیکس سال اور ادائیگی کے کوڈز کی تصحیح کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ وفد نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے عمل میں بائیومیٹرک اور فزیکل ویریفکیشن سمیت درخواستوں کی پراسیسنگ میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان معاملات کیلئے بھی یکساں ایس او پیز اور مقررہ مدت میں فیصلوں کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ایف بی آر اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کے ساتھ ٹیکس بارز کا مستقل رابطہ اور مشاورتی نظام قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی جس کے تحت نمائندہ ٹیکس بارز کیلئے فوکل پرسنز نامزد کئے جائیں تاکہ بالخصوص ریٹرن فائلنگ کے سیزن میں قانونی، انتظامی اور تکنیکی مسائل فوری طور پر حل کئے جا سکیں۔چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے آئرس سسٹم میں موجود خامیوں اور تکنیکی مسائل کو حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ۔کمیٹی میں لاہور ٹیکس بار کے صدر رانا ثاقب منیر ،جنرل فاروق گجر،فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان اورسابق صدر چودھری قمرالزمان ایف بی آر سے مل کر تمام تکنیکی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں گے۔
آئرس میں تکنیکی مسائل اور خامیاں، چیئرمین ایف بی آر نے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی
















