فزیوتھراپسٹ کی تقرریوں پر قانونی جنگ تیز، شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے

لاہور (اپنے رپورٹر سے) شیخ زید ہسپتال لاہور میں انتظامی اختیارات کے استعمال اور بھرتیوں کے طریقہ کار پر ایک نیا قانونی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ وفاقی سروس ٹربیونل اسلام آباد کی جانب سے فزیوتھراپسٹ کی آسامی پر حتمی تقرری روکنے کے حکم کے بعد ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انٹرویو کا نیا شیڈول جاری کئے جانے پر عدالتی احکامات کی پاسداری کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ دستیاب عدالتی دستاویزات کے مطابق حافظ زبیر الحسن، جو شیخ زید ہسپتال میں بطور فزیوتھراپسٹ (بی ایس-17) خدمات انجام دے رہے ہیں، نے فزیوتھراپسٹ (بی ایس-18) کی خالی آسامی پر ترقی کے بجائے براہ راست بھرتی کے عمل کو چیلنج کیا تھا۔ ان کا موقف ہے کہ متعلقہ سروس ریگولیشنز کے تحت ان کی ترقی کے معاملے پر غور کیا جانا چاہئے تھا لیکن محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلانے کے بجائے ابتدائی بھرتی کا راستہ اختیار کیا گیا۔ اس معاملے پر وفاقی سروس ٹربیونل اسلام آباد نے 16 جولائی 2026 کو ایک عبوری حکم جاری کیا۔ٹربیونل نے واضح طور پر حکم دیا تھا کہ جواب دہندگان متنازع اشتہار کے تحت فزیوتھراپسٹ (بی ایس-18) کی کسی بھی حتمی تقرری سے آئندہ تاریخ سماعت تک باز رہیں گے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے جواب بھی طلب کیا تھا۔لیکن اس عدالتی حکم کے بعد اب ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق شیخ زید ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر/ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے دفتر سے فزیوتھراپسٹ (بی ایس-17) کی آسامی کیلئے امیدواروں کو 18 نومبر 2026 صبح 8 بجے سلیکشن کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ۔اس پیشرفت نے پہلے سے زیر سماعت مقدمے میں نئی پیچیدگیاں پیدا کردی ہیں۔ درخواست گزار کو خدشہ ہے کہ کہیں یہ انٹرویو اسی متنازع بھرتی کے عمل کا حصہ تو نہیں جس کے تحت بی ایس-18 کی آسامی پر تقرری کو وفاقی سروس ٹربیونل میں چیلنج کیا گیا ہے۔ اس نئی صورتحال کے بعد درخواست گزار کی جانب سے وفاقی سروس ٹربیونل میں ایک متفرق درخواست تیار کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ سے مکمل بھرتی ریکارڈ طلب کیا جائے اور واضح کیا جائے کہ 18 نومبر کا انٹرویو کس اشتہار، کس منظور شدہ آسامی اور کن سروس رولز کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔درخواست گزار کے وکیل زبیر احمد کندی ایڈووکیٹ نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ بی ایس-17 اور بی ایس-18 کی آسامیوں کے درمیان تعلق واضح ہونے تک متنازع بھرتی کے تحت کسی حتمی تقرری، منظوری یا تقرری نامے کے اجرا کی اجازت نہ دی جائے۔درخواست گزار نے یہ بھی استدعا کی ہے کہ عدالت اپنے سابقہ عبوری حکم کی موجودہ قانونی حیثیت کی تصدیق کرے اور اگر ضرورت ہو تو اس حفاظتی حکم کو نئے عدالتی فیصلے کے ذریعے برقرار رکھا جائے۔ درخواست میں یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ اگر کسی فریق نے عدالتی حکم سے آگاہ ہونے کے باوجود جان بوجھ کر اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسی ممنوعہ آسامی پر حتمی تقرری کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اور شوکاز نوٹس جاری کیا جاسکتا ہے۔