فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات ضروری ہیں:سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور ( اپنے رپورٹر سے) پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی، فلم سٹی کے قیام، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے کی۔وفد میں معروف اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور، چوہدری ذوالفقار، ٹی وی اینکر و سینئر صحافی ذوالفقار راحت، احمد افتخار اور رانا نعیم شامل تھے۔ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی اور صوبے میں قانون سازی کے عمل اور فلم و ثقافت کے شعبوں سے متعلق حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب فن و ثقافت کے فروغ، فنکاروں کی معاونت اور فلمی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ فلم سٹی کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم تجویز ہے جبکہ فلم پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ فلم سازی کیلئے مختص فنڈز میں پنجاب کے مقامی پروڈیوسرز کو ترجیح دی جائے اور صوبے کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔وفد کے ارکان نے تجویز دی کہ فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی کے عمل میں پروڈیوسرز، فنکاروں اور اس شعبے سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کی آرا اور تجاویز کو شامل کیا جائے تاکہ صنعت کو درپیش مسائل کا موثر حل تلاش کیا جا سکے۔ ملاقات میں فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے حکومت، قانون ساز اداروں اور فلمی شعبے سے وابستہ افراد کے درمیان ادارہ جاتی رابطے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔