نیویارک (مشرق نیوز) ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دن کے وقت سونے کی بعض عادات بڑھتی عمر میں صحت کی خرابی اور موت کے خطرے کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ امریکی اداروں میساچوسٹس جنرل بریگھم اور رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے سائنس دانوں نے 1338 معمر افراد کی 19 سال تک نگرانی کی۔ تحقیق میں شامل افراد کی اوسط عمر 81 سال تھی۔
تحقیق کے مطابق جو افراد معمول کے مطابق صبح کے وقت قیلولہ کرتے تھے، ان میں دوپہر کے ابتدائی اوقات میں سونے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 30 فیصد زیادہ پایا گیا۔ جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی تحقیق میں شرکا کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے معمولات جانچنے کے لیے کلائی پر باندھے جانے والے خصوصی مانیٹرز استعمال کیے گئے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق دن بھر میں قیلولے کے دورانئے میں ہر اضافی ایک گھنٹے کے اضافے کے ساتھ موت کا خطرہ 13 فی صد بڑھا جبکہ روزانہ قیلولوں کی تعداد میں ہر اضافے کے ساتھ یہ خطرہ 7 فیصد زیادہ پایا گیا۔ محققین کے مطابق دیگر بیماریوں، صحت کے عوامل اور رات کی نیند کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی یہ نتائج برقرار رہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں ضرورت سے زیادہ دن کے وقت سونا صحت کی کمزوری اور جسمانی نظام میں آنے والی تبدیلیوں کی علامت ہو سکتا ہے۔ تاہم محققین نے واضح کیا کہ دن میں سونا بذات خود کسی بیماری یا موت کی وجہ ثابت نہیں ہوا بلکہ یہ بڑھتی عمر میں صحت کے مسائل کی ممکنہ نشاندہی کرنے والا ایک اشارہ ہو سکتا ہے۔
صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت
















