لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ میں ڈین کی تقرری بارے بیان میں کہاہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد ماہر امراض سرطان پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور میں تقرری سلیکشن کمیٹی کے انتخاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کو ٹیکس کی شرح کی کٹنگ کے بعد تنخواہ دی جائیگی اسلئے اس حوالے سے چلنے والے بیانات بے بنیاد ہیں۔ طبی ادارے کو عالمی معیار کے جدید ترین کینسر ٹریٹمنٹ، تحقیق، طبی تعلیم اور جدید علاج معالجے کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے وژن کا حصہ ہے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر اس سے قبل امریکہ کے معروف ترین ادارے یونیورسٹی آف ٹیکساس، ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر، ہیوسٹن میں شعبہ اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹیشن اینڈ سیلولر تھراپی میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر قیصر بشیر نے اگست 2001ءمیں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں امریکہ میں انٹرنل میڈیسن، ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی میں اعلیٰ تخصصی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کولوراڈو اور ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر جیسے ممتاز اداروں میں کلینیکل فیلوشپس مکمل کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی تحقیقی خدمات بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں، ان کے کریڈٹ پر 165 اصل تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد ریویو آرٹیکلز، تحقیقی خطوط، کتابوں کے ابواب اور طبی کتب کی تدوین میں بھی ان کا کردار شامل ہے۔ ان کے تحقیقی مقالے دنیا کے ممتاز طبی و سائنسی جرائد شائع ہوئے ہیں۔ یہ منصوبے جدید طبی تحقیق، نئی ادویات کی افادیت اور کینسر کے علاج کے بہتر طریقوں کی دریافت میں ان کی تحقیقی قیادت اور بین الاقوامی سطح پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں -اس تقرری کیلئے طویل کوششیں کی گئیں تاکہ بین الاقوامی سطح پر تجربہ رکھنے والے ایسے ماہر کو پاکستان میں خدمات انجام دینے کیلئے آمادہ کیا جا سکے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی تقرری کا بنیادی مقصد نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کو محض ایک علاج گاہ کے بجائے ایک مکمل بین الاقوامی معیار کے کینسر سینٹر کے طور پر ترقی دینا ہے، جہاں جدید ترین علاج معالجہ، اسٹیم سیل اور بون میرو ٹرانسپلانٹیشن، جدید سیلولر تھراپی، جدید تشخیصی سہولیات، سائنسی تحقیق، طبی تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جا سکے ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شعبہ صحت میں بہتری اولین ترجیح ہے۔صوبے بھر میں کارڈیک، کینسر، چلڈرن و مختلف سپیشلٹیز کے نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔لاہور میں بھی 75 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ اس کینسر ہسپتال کا او پی ڈی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ یہ کینسر ہسپتال لاہور یا پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہسپتال ہے-اس کینسر ہسپتال کو پی کے ایل آئی کی طرح جے سی آئی سٹینڈرڈ کے مطابق چلائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح دنیا بھر سے پاکستان کے عالمی معیار کے پروفیسرز جیسے پیشہ ورانہ مہارت کے بہترین ایچ آر کو واپس لایا جائے تاکہ عوام کو صحت کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں -یہی وجہ ہے کہ اس کینسر ہسپتال میں اس ڈین کا چناو¿ عمل میں لایا گیا ہے جو دنیا کی سب سے بہترین ایم ڈی اینڈرسن یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے تھے-حکومت پنجاب اس کینسر ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو عالمی معیار کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرےگی۔
ڈین انسٹیٹیوٹ آف کینسر کی تنخواہ سے متعلق چلنے والے بیانات بے بنیاد ہیں: سلمان رفیق
















