300 ارب کی ایس ایم ای سکیم ، عملی نفاذ اور لاہور میں سہولت مرکز کے قیام کا شیڈول غیر واضح

لاہور(نعیم جاوید ) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ کیلئے 300 ارب روپے مختص کرنے اور ضلعی سطح پر سہولت مراکز قائم کرنے کے اعلان کے بعد کاروباری حلقوں میں اس منصوبے کے عملی نفاذ کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ بالخصوص لاہور میں پائلٹ منصوبے کے تحت سہولت مرکز کب فعال ہوگا، کاروباری افراد سے درخواستیں کب وصول کی جائیں گی اور قرضوں کی فراہمی کا عملی آغاز کس تاریخ سے ہوگا، اس حوالے سے تاحال واضح شیڈول سامنے نہیں آ سکاوزیراعظم کی زیر صدارت ایس ایم ای برآمدکنندگان کے وفد سے ملاقات میں لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں ابتدائی سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ اعلان کے مطابق 300 ارب روپے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ایس ایم ایز اور نئے برآمدکنندگان کیلئے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی جانب سے اس سلسلے میں سرکلر جاری کیے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ تاہم کاروباری برادری یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس رقم کی تقسیم کا طریقہ کار کیا ہوگا اور چھوٹے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے کن شرائط پر عمل کرنا پڑے گاذرائع کے مطابق اس منصوبے میں لاہور کے سہولت مرکز کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جہاں چھوٹی صنعتوں، تجارتی اداروں، ہول سیل مارکیٹوں اور نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کو مالی معاونت اور کاروباری رہنمائی فراہم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ تاہم مرکز کے قیام کیلئے مقام، عملے کی تعیناتی، انتظامی ڈھانچے اور افتتاحی تاریخ کے حوالے سے تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیںدوسری جانب ماضی میں چھوٹے کاروباروں کے فروغ کیلئے متعارف کروائی جانے والی حکومتی قرض اسکیموں کے نتائج بھی اس نئے اعلان کی افادیت جانچنے کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ 2024-25 کے مطابق جون 2025 تک بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا مجموعی حجم 691 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ قرض حاصل کرنے والے کاروباری اداروں کی تعداد تقریباً دو لاکھ 76 ہزار ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت جنوری 2023 سے جون 2025 تک تقریباً چار لاکھ 579 افراد کو مجموعی طور پر 175 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے، تاہم ان اعدادوشمار میں زرعی قرضے بھی شامل ہیںکاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ قرض اسکیموں کے اعلانات اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن چھوٹے کاروباری افراد کو عملی طور پر بینکوں کی ضمانتی شرائط، جائیداد کے کاغذات، ٹیکس رجسٹریشن، کاروباری دستاویزات اور دیگر پیچیدہ تقاضوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ حکومت نئی اسکیم کے تحت قرضوں کی شرائط آسان بنائے اور ان کاروباری افراد کیلئے بھی مالی معاونت کا راستہ کھولے جن کے پاس بڑی جائیداد یا بھاری ضمانت موجود نہیںتجارتی و صنعتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 300 ارب روپے کی اسکیم کے تحت قرضوں کی کم از کم اور زیادہ سے زیادہ حد، شرح سود، واپسی کی مدت، ضمانت کی شرائط اور ہر شہر کیلئے مختص رقم کی تفصیلات فوری طور پر جاری کرے۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا جائے کہ آیا غیر برآمدی چھوٹے کاروبار، مقامی صنعت کار، خواتین کاروباری افراد اور نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوان بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے یا اس کا دائرہ صرف برآمدکنندگان تک محدود ہوگاکاروباری حلقوں کے مطابق سابقہ اسکیموں کے تحت قرضوں کی فراہمی کے اعدادوشمار کے ساتھ مسترد ہونے والی درخواستوں کی تعداد اور انکار کی وجوہات بھی سامنے لانا ضروری ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کتنے کاروباری افراد بینکوں کی سخت شرائط کے باعث حکومتی سہولت سے محروم رہے۔ 300 ارب روپے کے نئے منصوبے کی کامیابی کا اصل پیمانہ مختص رقم نہیں بلکہ چھوٹے کاروباری اداروں تک قرضوں کی حقیقی رسائی، آسان شرائط اور سہولت مراکز کی بروقت فعالیت ہوگا۔