موسمیاتی اہداف کے حصول کیلئے دنیاترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت کرے،وزیراعظم

انطالیہ:(مشرق نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک کےلئے موسمیاتی اہداف کے حصول کی خاطر آسان شرائط پر مالی معاونت ،سستی جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان کو 2035 تک کم کاربن توانائی منصوبوں کےلئے 138 ،کوئلے سے شمسی توانائی پر منتقلی کےلئے 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

کوپ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کا ترقی پذیر ممالک کے موسمیاتی عزائم اسی وقت پورے ہوسکتے ہیں جب عالمی مالی معاونت ضروریات ،اہداف کے مطابق فراہم کی جائے،عالمی سطح پر 35 بائی 35 کے ہدف کا حصول تب ہی ممکن ہے جب آسان شرائط پر سرمایہ فراہم کیا اور سستی جدید ٹیکنالوجی ترقی پذیر ممالک کو منتقل کی جائے،پاکستان 2برس کے دوران صاف توانائی کی جانب نمایاں پیش رفت کر چکا ،گھروں ،کاروباری مراکز کی چھتوں پر تقریباً 22 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت کا اضافہ ہوا ،پیشرفت خاموش انقلاب ہے،عام شہریوں ،کاروباری اداروں نے سستی، قابل اعتماد بجلی اور صاف ستھرے مستقبل کے حصول کےلئے شمسی توانائی کا رخ کیا۔

شہبازشریف نے کہاانطالیہ روانگی سے ایک روز قبل ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے اہم حصے کا افتتاح کیا،جدید منصوبہ قومی توانائی نظام میں 1200 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرےگا،توانائی کے بعد ٹرانسپورٹ شعبے میں بھی بڑی تبدیلی جاری ہے ،ملک کے توانائی مکس میں صاف ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ،حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں کی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کردیا،کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہاحکومت مستقبل میں خریدی جانے والی تمام سرکاری بسوں ،موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بنانے کا ارادہ رکھتی ہے،پاکستان میں صاف توانائی کی جانب تبدیلی کی رفتار حقیقی اور مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،مناسب مالی وسائل کے بغیر توانائی شعبے میں تبدیلی کو برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا،مقصد کےلئے بجلی کے ترسیلی نظام کو تیزی سے وسعت ، توانائی ذخیرہ کرنے کے جدید نظام قائم کرنے اور نئی ٹیکنالوجی کو عوام کےلئے قابل رسائی بنانا ضروری ہے،بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبے ممالک کیلئے چیلنجز مزید مشکل ہیں ،عالمی برادری کو چاہیے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات ترقی پذیر ممالک کی معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب نہ بنیں،عالمی رہنمامشترکہ کوششوں کے ذریعے ایسے توانائی نظام کی تشکیل کےلئے کام کریں جو معیشتوں کو ترقی دے، عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر توانائی فراہم کرے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھے،اپنے عوام کو غریب کیے بغیر معیشتوں کو توانائی فراہم اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن رکھنے کا عزم کرنا ہوگا، 35 بائی 35 کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کےلئے تمام ممالک کو ملکر کام کرنا ہوگا۔


شہباز شریف کی کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت، عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں،اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،کوپ 31 کانفرنس ہال پہنچنے پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا،وزیراعظم کا کوپ 31 کانفرنس میں شریک عالمی رہنماﺅں کے ہمراہ گروپ فوٹو ہوا۔

شہباز شریف نے عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں، مصافحہ ،خیرسگالی جملوں کا تبادلہ کیا،وزیراعظم سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیشی وزیر اعظم طارق رحمن ،اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد ،فلسطینی وزیر اعظم مصطفی سے ملے،فلسطینی عوام کےساتھ حکومت ،پاکستانی عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، فلسطینی وزیر اعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف موثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی مو¿قف کی تائید پر حکومت ،پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

شہبازشریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان ،خاتون اول امینہ ،شامی صدر احمد الشرع، سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر ،ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، خوشگوار ماحول میں ہونےوالی ملاقاتوں میںدو طرفہ تعلقات کی مضبوطی ،خطے کی صورتحال ،موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملے،وزیر اطلاعات تارڑ، سینیٹر شیری رحمن اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے،دونوں رہنماوں نے پاکستان ،ایران کے قریبی و دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن ،استحکام کیلئے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی ،مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اورجون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کا مخلصانہ ،تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے ایران کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت ،خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا،مشترکہ تاریخ، ثقافت ،مذہب پر مبنی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کیلئے تہران کی خواہش کا اعادہ کیا،ملاقات میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے ،نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے باقاعدہ مشاورت ،قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماوں نے علاقائی امن، سلامتی ،خوشحالی کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔