صوبائی حکومتوں کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کے دوران صوبائی حکومت نے عالمی سرمایہ کاروں کو معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان منزلز انوسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں کیا گیا جس میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار شریک ہوئے، فورم میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی، اس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے، پنجاب پانچ دریاوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، پاکستان کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاوں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے، پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ کی صنعت، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، معدنیات سے متعلق قوانین کو ملک کے دیگر حصوں میں رائج قوانین سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے یکساں قوانین اور مواقع فراہم کئے جا سکیں۔