زرعی و غذائی برآمدات میں بڑی کمی ،پنجاب کے برآمدکنندگان مشکلات کا شکار

لاہور (نعیم جاوید) حکومت کی جانب سے زرعی برآمدات کو ملکی معیشت کے استحکام کا اہم ستون قرار دینے کے باوجود پاکستان کی فوڈ اور زرعی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر کے زرعی برآمدکنندگان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26ءکے دوران پاکستان کی مجموعی زرعی و غذائی برآمدات 6.88 ارب ڈالر سے کم ہو کر 4.96 ارب ڈالر رہ گئیں، جس کے نتیجے میں تقریباً 1.92 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی جبکہ فوڈ ٹریڈ خسارہ بڑھ کر 4.20 ارب ڈالر تک پہنچ ۔گیابرآمدات میں کمی کا سب سے زیادہ اثر چاول، آلو، مکئی اور تلوں سمیت اہم زرعی اجناس پر پڑا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق چاول کی مجموعی برآمدات کا حجم گزشتہ مالی سال کے 58 سے 60 لاکھ ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 42 لاکھ 30 ہزار ٹن رہ گیا، جبکہ برآمدی مالیت بھی 3.89 ارب ڈالر سے گھٹ کر تقریباً 2.19 سے 2.30 ارب ڈالر تک محدود ہو گئی۔ یورپی یونین کو چاول کی برآمدات میں بھی تقریباً 37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اسی طرح آلو کی برآمدات گزشتہ سال کے 8 لاکھ 84 ہزار 863 ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 4 لاکھ 19 ہزار 547 ٹن رہ گئیں، جو 52.6 فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں۔ مکئی کی برآمدات میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی، جبکہ تلوں کی برآمدات کا حجم 2 لاکھ 69 ہزار 771 ٹن سے کم ہو کر ایک لاکھ 69 ہزار 76 ٹن رہ گیااگرچہ رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر کے دوران چاول کی برآمدات میں 56 فیصد بہتری سامنے آئی ہے، تاہم پھلوں کی برآمدات میں 30.6 فیصد اور سبزیوں کی برآمدات میں 20.5 فیصد کمی برقرار رہنے سے زرعی برآمدات کے مجموعی امکانات بدستور دباو کا شکار ہیںلاہور، مریدکے، شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ کے زرعی تجارتی مراکز سے عالمی منڈیوں کو اجناس برآمد کرنے والے تاجروں کو متعدد ساختی مسائل کا سامنا ہے۔ برآمدکنندگان کے مطابق یورپی یونین، روس اور مشرق بعید کے ممالک نے زرعی مصنوعات میں کیڑے مار ادویات کی باقیات اور افلاٹوکسن کی مقررہ مقدار کے حوالے سے سخت شرائط عائد کر رکھی ہیں۔ پاکستان میں عالمی معیار کی تسلیم شدہ لیبارٹریوں کی کمی اور محکمہ تحفظ نباتات سے فائٹوسینیٹری سرٹیفکیٹ کے حصول میں تاخیر کے باعث برآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس متاثر ہوتی ہے، جس سے نہ صرف اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ خریداروں کے ساتھ تجارتی اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے دوسری جانب عالمی منڈی میں بھارتی چاول کی مسابقت نے پاکستانی برآمدکنندگان کیلئے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی چاول پاکستانی چاول کے مقابلے میں 200 سے 250 ڈالر فی ٹن تک سستا دستیاب ہونے کے باعث افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی منڈیوں میں پاکستانی برآمدکنندگان کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ مہنگی بجلی، گیس، کھاد، ڈیزل، رائس ملز کی پراسیسنگ لاگت اور کراچی بندرگاہ تک مال کی ترسیل کے اخراجات نے بھی پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قیمتیں غیر مسابقتی بنا دی ہیںبرآمدی شعبے کو ٹیکسوں کے بوجھ اور مالی وسائل کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ برآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ نارمل ٹیکس رجیم، ودہولڈنگ ٹیکس اور ڈیوٹی لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز کے تحت واجبات کی بروقت ادائیگی نہ ہونے سے ان کا سرمایہ طویل عرصے تک پھنسا رہتا ہے، جس کے باعث نئے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے اور بروقت پورے کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے عالمی سرٹیفکیشن اور تجارتی رکاوٹوں کے باعث متعدد برآمدی آرڈرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں فائٹوسینیٹری قوانین کی خلاف ورزیوں کے خدشات کے باعث روس کی جانب سے پنجاب کے آلو کی برآمدات پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ جولائی 2026 میں سفارتی کوششوں کے بعد بعض کمپنیوں کو محدود پیمانے پر برآمدات کی اجازت ملنے کے باوجود اس دوران آلو کے برآمدکنندگان کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑااسی طرح کیڑے مار ادویات کی باقیات مقررہ حد سے زیادہ ہونے کے باعث یورپی منڈیوں کیلئے باسمتی چاول اور تلوں کی بعض کھیپوں کو مسترد کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس سے درآمدکنندگان کے ساتھ طویل مدتی تجارتی معاہدے بھی متاثر ہوئے۔ مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کی منڈیوں میں آبنائے ہرمز کی کشیدگی اور افغانستان و ایران کے راستوں پر کسٹمز کلیئرنس کی پیچیدگیوں نے بھی تازہ سبزیوں اور آلو کی بروقت ترسیل کو متاثر کیالاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور عہدیداروں نے بھی زرعی برآمدات میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ چیمبر کی جانب سے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور وزارت تجارت کے حکام کے ساتھ اجلاسوں میں برآمدی رکاوٹوں کے خاتمے، بااختیار زرعی کمیٹی کے قیام، عالمی معیار کی تسلیم شدہ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کی تجاویز پیش کی گئی ہیںچاول اور آلو کے برآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی، جدید زرعی طریقوں اور کیڑے مار ادویات کے محفوظ استعمال کی تربیت دیے بغیر عالمی سرٹیفکیشن کے تقاضے پورے کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی برآمدی شعبے کو بجلی اور توانائی کے نرخوں میں خصوصی رعایت دی جائے، ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور برآمدکنندگان کو پیچیدہ ٹیکس نظام سے ریلیف فراہم کیا جائے تاجر برادری کے مطابق پاکستان کے پاس زرعی پیداوار اور عالمی منڈیوں میں اپنی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس مقصد کیلئے محض برآمدی اہداف مقرر کرنا کافی نہیں بلکہ پیداواری لاگت میں کمی، معیار کی بہتری، جدید لیبارٹری نظام، مو¿ثر سرٹیفکیشن اور مستقل برآمدی پالیسی ناگزیر ہے۔ بصورت دیگر بھارت اور ویتنام جیسے حریف ممالک عالمی منڈیوں میں پاکستانی زرعی مصنوعات کا حصہ مزید کم کر سکتے ہیں۔