پاکستان2050 سے پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے وفاقی ، صوبائی حکومتیں معدنیات شعبے کے فروغ کےلئے ملکرکام کریں گی،سرمایہ کاروں کا تحفظ ،سلامتی ترجیح،ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے،ملکی معیشت نئے اعتماد کےساتھ ترقی ،تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے،2050 سے پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں ،معززمہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں،اعتماد برقرار رکھنے پر بیرک کمپنی کا شکرگزار ہوں،گولڈمین سکس کی پیشگوئی ہے پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا،قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، ملکی صنعتوں کےلئے استعمال ہوں گے، جلد معدنی وسائل کو ملکی ڈاون سٹریم انڈسٹری کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

شہباز شریف نے کہاریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے ،سونے کے بڑے غیراستعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل ،آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے،پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں، معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس ، تیار کر کے برآمد کرنا ہے، سفر مشکل ضرور ہے لیکن پرعزم ہیں،فیلڈ مارشل ،ٹیم کا معدنیاتی ایجنڈے کو معاشی ویژن کا مرکز بنانے میں اہم کردار ہے،معدنیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا تعلیم، صحت ،بہتر معیار زندگی کی سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں،مساوی ،منصفانہ شراکت داری پاکستان ،سرمایہ کاروں دونوں کیلئے فائدہ مند ہے،یکساں مواقع ،پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے،سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کےلئے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، لائسنس ،معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے، نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر ،ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔

شہبازشریف نے کہا معدنیات منصوبوں کی کامیابی کےلئے مقامی آبادی کا تعاون ، اعتماد ضروری ، افرادی قوت، اثاثوں ،سپلائی روٹس کا تحفظ حکومتی ذمے داری ،سرمایہ کاری کےلئے بجلی، پانی ،مواصلات کا قابل اعتماد انفراسٹرکچر ضروری ہے، سرمایہ کاری پر رکی فائل کو تیز ترین رفتار سے آگے بڑھانے کی ضمانت دیتا ہوں۔

دریں اثنا بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بلوچستان قدرتی وسائل ،معدنی دولت سے مالا مال ،وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی ،روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکتا ہے،بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہ راست شریک ، مقامی نوجوانوں کےلئے روزگار ، ہنرمندی کے مواقع پیدا کرنا اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی یقینی بنانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

شہبازشریف نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بیرک مائننگ کارپوریشن کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگ میل ہے، کامیابی مستقبل کے منصوبوں کےلئے بھی ایک مثال بنے گی،ریکوڈک منصوبہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگ میل اور ملکی معاشی مستقبل کےلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، ریکوڈک منصوبے کی کامیابی مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کےلئے مثالی معیار قائم کرے گی، معدنی شعبے کی ترقی کےلئے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول تشکیل دیا جا رہا ہے۔

مہمان وفد نے منرل کانفرنس کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا اورکراچی ،گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کےلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔