لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاہے خوشحال دیہات پروگرام کے تحت ہر گلی پکی اورہر گاوں میں سیوریج کا باقاعدہ نظام بنے گا۔ہر گاوں میں ڈویلپمنٹ کیلئے پانچ کروڑ دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے دیہات کے ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل پراتفاق کیاگیا۔خوشحال دیہات پروگرام کے پہلے فیز میں 475 گاوں میں ڈویلپمنٹ ہوگی۔خوشحال دیہات کمیٹی کی سربراہی متعلقہ اے ڈی سی سوشل سروسزکے سپرد کر دی گئی۔خوشحال دیہات کمیٹی میں پانچ سرکاری اور چار پرائیویٹ ممبر شامل ہوں گے۔چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئرکو بھی خوشحال دیہات کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔خوشحال دیہات پروگرام کیلئے 23.85 ارب روپے کی منظوری بھی دے دی گئی۔نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹی کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے دوسرے فیز میں دو ہزار دیہات کا ڈویلپمنٹ پلان بھی طلب کر لیا۔
مریم نوازنے کہاکہ پنجاب کے ہر گاوں میں پکی گلیاں اور سیوریج کامنظم نظام میرا عزم ہے۔شہرہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ ترقی یکساں ہوگی۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ ترقی کے سفر میں سب شامل ہیں، سیاسی وابستگی آڑے نہیں آنے دیں گے۔ڈویلپمنٹ پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہرعلاقے کا حق ہے۔
دریں اثنا ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ذیابیطس خاموش دشمن ہے،احتیاط، آگاہی اور نظم زندگی سے قابو میں آ سکتا ہے۔پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری سے مزیدموثر جنگی کاوشوں کی متقاضی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر دروازے تک پہنچا رہی ہے۔تاریخ میں پہلی بار ٹائپ ون شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کٹس دہلیز تک پہنچائی جارہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کے لئے خراج عقیدت پیش کیاہے ۔
خوشحال دیہات پروگرام، ہر گاﺅں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے5کروڑ منظور
















