لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ رواداری، احترام اور برداشت ایک کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں، پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانا ہوگا۔ برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں برداشت اور رواداری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معاشرے کو پرامن رکھنے کیلئے ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نبی کریم کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، آپ دشمنوں کے ساتھ بھی رواداری کا مظاہرہ فرماتے تھے۔ دین اسلام بھی پرامن رہنے اور رواداری اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔ معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے کیلئے مثبت سوچ اور بہترین طرز عمل اپنانا ہوگا کیونکہ منفی روئیے خاندانوں اور معاشروں کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو برداشت، تحمل اور باہمی احترام کے رجحان کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ آج ہم برداشت اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا پاکستان کو امن اور بھائی چارے کی مثال بنانے کا عزم
















