کمسن گھریلو ملازمہ پر قاتلانہ حملے سے صورتحال پھر تشویشناک

لاہور (مرزا ندیم بیگ) نشتر کالونی کے علاقے میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ نور فاطمہ پر مبینہ تشدد اور اس کے گلے پر چھری چلانے کی کوشش کے واقعہ نے کمسن گھریلو ملازمین کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔ پولیس نے بچی کی والدہ کی درخواست پر مالک مکان فرزانہ اور ثانیہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دونوں جانب سے سامنے آنے والے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔مدعیہ کے مطابق اس کی بیٹی نور فاطمہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے گلے پر چھری چلانے کی کوشش بھی کی گئی۔ دوسری جانب پولیس ریکارڈ کے مطابق اس سے قبل فرزانہ کی مدعیت میں نور فاطمہ اور اس کی والدہ کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں 48 ہزار روپے نقدی، 5.33 تولے سونا اور 14 سوٹ چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دونوں واقعات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ چوری اور تشدد کے مقدمات کی تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی دباو یا اثرورسوخ کے بغیر شواہد کی بنیاد پر میرٹ پر کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق لاہور میں کم عمر بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات تشویشناک صورت اختیار کر رہے ہیں۔ رواں سال جنوری سے جون تک لاہور میں بچوں کے خلاف مختلف نوعیت کے جرائم کے 121 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 126 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان مقدمات میں سے 34 خارج، 66 کے چالان عدالتوں میں جمع کرائے گئے جبکہ 20 مقدمات تاحال زیر تفتیش رہے۔ تاہم ان اعدادوشمار میں گھریلو ملازم بچوں پر تشدد کے علاوہ بچوں کے خلاف دیگر جرائم بھی شامل ہیں۔پولیس ڈویڑنل ریکارڈ کے مطابق کینٹ اور صدر ڈویڑن میں بچوں کے خلاف جرائم کے 31، 31 مقدمات درج ہوئے، ماڈل ٹاون میں 21، اقبال ٹاون میں 15، سٹی ڈویڑن میں 13 اور سول لائنز ڈویڑن میں 10 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم وائز (WISE) کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2019 سے جون 2026 تک پنجاب میں کم عمر گھریلو ملازمین پر تشدد کے 208 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 51 بچے جاں بحق جبکہ 157 زخمی ہوئے۔ ان واقعات میں متاثرہ بچوں کی بڑی تعداد لڑکیوں پر مشتمل تھی۔رواں سال لاہور میں بھی کم عمر گھریلو ملازمین سے متعلق متعدد افسوسناک واقعات سامنے آئے۔ جولائی میں گلبرگ کے علاقے میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کنیز فاطمہ پراسرار حالات میں جاں بحق ہوگئی تھی، جس پر والد کی مدعیت میں مالک مکان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ اسی ماہ اچھرہ میں 11 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے بچی کے والد کو گرفتار کیا تھا۔ اکتوبر میں گارڈن ٹاو¿ن کے علاقے میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں دو بھائیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔قانونی ماہرین کے مطابق پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019 کے تحت 15 سال سے کم عمر بچوں کو گھریلو ملازمت پر رکھنا ممنوع ہے، اس کے باوجود کم سن بچوں سے گھروں میں کام لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ واقعات سامنے آنے کے بعد پولیس ملزمان کو گرفتار تو کر لیتی ہے تاہم اصل سوال یہ ہے کہ گھروں میں کام کرنے والے ہزاروں بچوں کے تحفظ، ان کی رجسٹریشن اور غیر قانونی ملازمت کی روک تھام کیلئے مستقل بنیادوں پر کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شہری حلقوں اور بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور پولیس، محکمہ لیبر اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کم عمر گھریلو ملازمین کا ڈیٹا مرتب کریں، گھروں میں بچوں سے غیر قانونی مشقت لینے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور تشدد کے واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں دلوائیں۔ نور فاطمہ کیس میں بھی دونوں مقدمات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانا ضروری ہے تاکہ نہ صرف بچی کو انصاف مل سکے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام بھی ممکن بنائی جا سکے۔