آزاد کشمیر کی ترقی کےلئے تمام وسائل حاضر ہیں،شہباز،پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف کو واپس لائی،نواز

مظفر آباد:(مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے آزاد کشمیر کی ترقی کےلئے تمام وسائل حاضر ہیں۔

آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان پر اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاوزیراعظم نے کہا ترقیاتی پلان پر عملدرآمد کےلئے وفاقی حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی،مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی، اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا ،مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے،آزاد کشمیر کی ترقی کےلئے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہاآزاد کشمیرکا ماضی بڑا دردناک ،حکومتوں نے عوام سے بے حسی والا سلوک کیا،ماضی کی حکومتوں نے ناقص کارکردگی دکھائی، ماضی کی تلخ یادوں کو بھلادینا چاہتے ہیں،ازراہ مذاق کہا تھا کامیاب ہوں اور میں آزاد کشمیرکا وزیراعظم بن جاوں، افتخارگیلانی وزیراعظم ہیں تومیں خود کو وزیراعظم سمجھ رہا ہوں،توجہ ہمیشہ ترقی پر، آزاد کشمیر میں کئی میگا پراجیکٹس لانا چاہتے تھے، 18 سے 20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا، بجلی کے کارخانے لگائے۔

نوازشریف نے کہااپنے دورمیں آئی ایم ایف کوخدا حافظ کہا،پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف کوواپس لائی، ن لیگ کی حکومت میں ڈالر 104 روپے تھا، لواری ٹنل کا منصوبہ میرے دور میں مکمل ہوا، انعام میں میری حکومت ختم کی گئی جس کی حکومت خیبرپختونخوا میں 15 سال رہی اس نے کیا کیا ؟،شہباز شریف پوری ہمت سے کوشاںاورمعیشت کوٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں،آزاد کشمیرمیں موٹروے لانا چاہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پرکام شروع کریں۔

قائد ن لیگ نے کہاشہبازشریف نے پنجاب میں اچھے کام کیے اسی کو مریم نواز آگے بڑھا رہی ہیں، اچھا کام کرنے پر شہبازشریف کےساتھ مریم نوازکوبھی شاباش دینا چاہتا ہوں،ن لیگ کی کارکردگی دیگرپارٹیوں کی کارکردگی سے بہتر ہے، کس پارٹی نے اپنے دورمیں کیا کیا موازنہ ہونا چاہیے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا پاکستان کو پوری دنیا میں مضبوط دیکھ کر خوشی ہوتی ،مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے،100 روزہ پلان پر فور ی عملدرآمد کا آغاز ہوگا، دنوں میں کیے جانے والے اقدامات سے عوام کا اعتماد ریاست پر بڑھے گا،عوام میں کھویا اعتماد بحال کریں گے، آزادکشمیر میں کیتھ لیبز بنائی جائیں گی ،کلینک آن وہیلز بھی شروع کیے جائیں گے۔

افتخار گیلانی نے کہاستھرا کشمیر ،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بھی شروع کریں گے، سرکاری گیسٹ ہاوسز کو ری ویمپ کیا جائے گا ،سرکاری ،پرائیویٹ یونیورسٹیز کےلئے سکالرشپس کا آغاز کر رہے ہیں، محکموں میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی،شہباز شریف کا شکریہ آزادکشمیر کو دانش سکول دئیے،سیاحت کے شعبے کی آئندہ 6ماہ میں تشکیل نو کر دی جائے گی، مزید 6شہروں میں 100 دنوں میں گرین بسیں چلائی جائیں گی، سیاحتی مقامات کےلئے روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دیں گے، سکل ڈیویلپمنٹ کا فوری آغاز کر رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ،صدر ن لیگ نواز شریف سے صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان ،وزیراعظم آزاد کشمیر فتخار گیلانی نے ملاقات کی، وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود ،ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا،وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود ،خوشحالی کےلئے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا،ملاقات میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے دورے کے دوران نو تعمیر شدہ رٹھوعہ ہریام پل کا افتتاح کردیا،تقریب میں نواز شریف، صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پل کی تکمیل خطے میں ترقی ،خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ہے، میرپور اوردونواح کے علاقوں کے درمیان آمدورفت میں آسانی ہوگی،منصوبے سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی، علاقے میں تجارتی ،معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی ،عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔