بلدیہ عظمیٰ میں قوانین کی دھجیاں اڑانے کا ایک اور شرمناک باب بے نقاب

لاہور(خبر نگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور میں انتظامی نالائقیوں اور قوانین کی دھجیاں اڑانے کا ایک اور شرمناک باب بے نقاب ہو گیا ہے جہاں ملازمین کی سروس بکس میں من چاہی ردوبدل اور غیر قانونی طور پر کیڈر کی تبدیلی کا گھناونا کھیل دندناتے ہوئے کھیلا جا رہا ہے۔ باخبر ذرائع نے یہ ہوشربا انکشاف کیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے اندر متعدد ایسے ملازمین موجود ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر اپنی سروس بک میں خود ہی اپنے کیڈر اور عہدوں میں ہیرا پھیری کر رکھی ہے جبکہ محکمے کے ذمہ دار افسران کی مجرمانہ خاموشی اور سہولت کاری اس بدنظمی کو مزید ہوا دے رہی ہے۔ اس سنگین صورتحال نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ پورا انتظامی ڈھانچہ زوال پذیر اور نااہلی کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔ اس مکروہ کھیل کا ایک بدترین نمونہ واصف ایوب کا نام ہے جو اس وقت جونیئر کلرک کی آڑ میں انفورسمنٹ انسپکٹر پارکنگ جیسی اہم فیلڈ ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ موصوف 2006ءمیں ٹیلیفون اٹینڈنٹ گریڈ 5 میں بھرتی ہوا تھا مگر اس نے اپنی سروس بک میں باقاعدہ جعلسازی کرتے ہوئے ٹیلیفون اٹینڈنٹ کے ساتھ کلرک کا ٹائٹل خود ہی ملا کر لکھ لیا اور انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا مذموم سلسلہ شروع کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس اہلکار نے اپنی اس من گھڑت تبدیلی کو پکا کرتے ہوئے خود کو کلرک کے طور پر منوا لیا جو کہ متعلقہ افسران کی شدید غفلت اور ملی بھگت کے بغیر ہرگز ممکن نہیں تھا۔ انتظامیہ کی اس غفلت کا پول اس وقت مزید کھل گیا جب موصوف نے گزشتہ برس یعنی اکتوبر 2025ءمیں خود کو سینئر کلرک کے عہدے پر ترقی دینے کیلئے باقاعدہ کیس پیش کر دیا۔ تاہم جیسے ہی مجاز اتھارٹی نے اس کے تقرر اور کیڈر کی تبدیلی سے متعلق اصل ریکارڈ طلب کیا تو اس اہلکار کے پاو¿ں تلے زمین نکل گئی اور اس نے اپنی ترقی کی خواہش کو فوری طور پر واپس لے لیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ واصف ایوب نے انتہائی خوفزدہ ہو کر یہ کیس صرف اس ڈر سے واپس لیا کہ اگر اس کی طرف سے ادارے کو گمراہ کرنے والا یہ راز کھل گیا اور فائل کی گہرائی تک جانچ پڑتال ہو گئی تو اس کیلئے اس گندے کھیل کو سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا۔ یہ واقعہ دراصل بلدیہ عظمیٰ لاہور کی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں کرپٹ عناصر کھلے عام ریکارڈ سے کھیلتے ہیں اور افسران اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے اس غیر قانونی نظام کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ اگر اعلیٰ حکام نے فوری طور پر اس بدترین ملی بھگت اور سروس بکس کی اس غیر قانونی چھیڑ خانی کا سخت نوٹس نہ لیا تو ادارے کی باقی ماندہ ساکھ بھی مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔

لاہور(خبر نگار) ڈائریکٹر ایڈمن میٹروپولیٹن کارپوریشن ملک مظہر نے بتایا کہ اس معاملے کے حوالے سے ہمیں کوئی علم نہیں لہٰذاآپ کی نشاندہی پر ریکارڈ کی چھان بین کا کام شروع کیا جائیگا اور سروس بک میں کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کا عمل شروع کیا جائیگا۔