ایف جی ای ایچ اے کا سنگ میل، نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی نے گزشتہ روز ایک اہم اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے نجی شعبے کے معتبر اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ یہ تقریب ایف جی ای ایچ اے کے کمیٹی روم، سیکٹر G-10/4 اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ حکام، معزز مہمانان گرامی اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایف جی ای ایچ اے اور میسرز سعادات انٹرپرائزز، چکری روڈ راولپنڈی جبکہ دوسری جانب میسرز تعمیر سٹیٹ انگوری روڈ مری کے درمیان ہاوسنگ سوسائٹیز کی ترقی کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ یہ منصوبے ایف جی ای ایچ اے کے جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز 2025 کے تحت اینڈ پروڈکٹ بیسزپر مکمل کئے جائیں گے، جو ملک میں رہائشی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔ پہلا منصوبہ مری کے انگوری روڈ پر واقع 196 کنال (جسے بڑھا کر 1,000 کنال تک کیا جا سکتا ہے) اراضی پر مخلوط استعمال مکسڈ یوز اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعلق ہے جو فسیلیٹیٹر/ریگولیٹر موڈ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ اس انتظام کے تحت ایف جی ای ایچ اے بطور فسیلیٹیٹر و موڈ ریگولیٹرکردار ادا کریگا جبکہ جوائنٹ وینچر پارٹنر منصوبے کی فنانسنگ، ڈیزائننگ اور تعمیر کا ذمہ دار ہوگا۔دوسرا منصوبہ چکری روڈ، راولپنڈی پر مجوزہ رنگ روڈ کے قریب 1400 کنال (قابل توسیع) اراضی پر ہاوسنگ سکیم کی ترقی سے متعلق ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے JV ٹیم کی بالخصوص ڈائریکٹر JVP، فیض عمر سیال کی کاوشوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا۔تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل ہاوسنگ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ منصوبے نہ صرف جدید رہائشی سہولیات فراہم کریں گے بلکہ عام شہریوں، بالخصوص سرکاری ملازمین کیلئے معیاری اور قابلِ رسائی رہائش کے مواقع بھی پیدا کریں گے۔ ان منصوبوں کے ذریعے انفراسٹرکچر کی بہتری، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے نے اس پیشرفت کو ادارے کے وڑن کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہاوسنگ سیکٹر میں جدت، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں ہاوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور جدید شہری ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ یہ معاہدے مستقبل میں جدید، محفوظ اور معیاری رہائشی منصوبوں کی بنیاد فراہم کریں گے اور ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے عوام کو بہتر طرزِ زندگی فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس اہم موقع پر پاکستان ٹیلیویژن، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف میڈیا اداروں نے تقریب کی بھرپور کوریج کی، جس سے اس تاریخی پیش رفت کو قومی سطح پر اجاگر کیا گیا۔